الہ آباد اور آگرہ میں فرقہ وارانہ تشدد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-06

الہ آباد اور آگرہ میں فرقہ وارانہ تشدد

لکھنو
یو این آئی
یوپی کے اضلاع الہ آباد اور آگرہ میں کل اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب میلاد جلوس کے دوران فرقہ وارانہ تصادم کے واقعات پھوٹ پڑے ۔ 2علاقوں میں سنگباری میں10افراد زخمی ہوگئے جن میں ایک سب ڈیویژنل مجسٹریٹ( ایس ڈی ایم)شامل ہیں ۔ صورتحال پر قابو پانے پولیس کو ہوائی فائرنگ کرنی پڑی ۔ الہ آباد سے موصولہ اطلاع میں کہا گیا ہے کہ جلوس کے دوران متعدد افراد نے کئی دکانات کو آگ لگا دی ۔ اس سبب لال گوپال گنج علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ یہ علاقہ نواب گنج پولیس اسٹیشن کے تحت آتا ہے ۔ بعد میں سنگباری میں ایک سب ڈیویژنل مجسٹریٹ اور دیگر کئی افراد زخمی ہوگئے ۔ ہجوم کو منتشر کرنے پولیس کو ہوائی فائرنگ کرنی پڑی ۔ گڑ بڑ زدہ علاقہ میں پولیس کے زائد فورسس متعین کردئیے گئے ۔ ایس ایس پی دیپک کمار نے بتایا کہ تشدد کے سلسلہ میں10افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور 2ایف آئی آر درج کرلئے گئے ہیں ۔ آگرہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب دو فرقوں کے درمیان تصادم اس وقت ہوا جب علاقہ نائی کی منڈی میں میراں حسینی پل پر تشدد شروع ہوا۔ دونوں فریقوں نے بھی ایک دوسرے پر فائرنگ کی جس میں ایک نوجوان شدید طور پر زخمی ہوا۔ سنگباری میں10افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب بعض افراد نے ایک کٹ آؤٹ کی بلندی پر دوسرے فرقہ کے ارکان پر اعتراض کیا ۔ ایس ایس پی آگرہ راجیش موڈک نے دعویٰ کیا کہ آج صورتحال قابومیں ہے ۔

Tension prevailed in Allahabad and Agra where communal clashes broke out

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں