آندھرا کے نئے دارالحکومت کے لئے تا حال 3 ہزار ایکڑ اراضی کا حصول - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-11

آندھرا کے نئے دارالحکومت کے لئے تا حال 3 ہزار ایکڑ اراضی کا حصول

وجئے واڑہ
پی ٹی آئی
آندھر ا پردیش کے نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے ضلع گنٹور کے انتظامیہ نے تا حال کسانوں سے ڈھائی ہزار تا3ہزار ایکر اراضی حاصل کرلی ہے ۔ یہ اراضی وجئے واڑہ ، گنٹور کے اطراف و اکناف حاصل کی گئی ۔ ریاستی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ پلے رگھوناتھ ریڈی نے آج یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ تھلور واور قریبی مواضعات کے کسان دارالحکومت کے لئے اپنی اراضیات حوالے کرنے رضا کارانہ طور پر آگے آرہے ہیں ، اور اس کے لئے انہیں مستقبل قریب میں ان کی اپنی اراضی کا ایک حصہ حاصل ہوگا ۔ دارالحکومت کے لئے تاحال تقریباً3ہزار ایکر اراضی حاصل کی جاچکی ہے ۔ ریاستی وزیر نے اپوزیشن جماعتوں کا یہ الزام مسترد کردیا کہ سرکاری عہدیدارنامناسب طریقے اختیار کرتے ہوئے کسانوں کی اراضیات زبردستی حاصل کررہے ہیں ۔ واضح ہو کہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری کے شیواجی نے پی ٹی آئی کو بتایا تھا کہ کسان اپنی قیمتی قابل کاشت اراضی کی فراہمی کے لئے تیار نہیں ہیں ، تاہم حکومت ایسے کسانوں کے خلاف طاقت کا استعمال کررہی ہے جو دارالحکومت کے لئے اپنی اراضی فراہم کرنے آمادہ نہیں ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق ڈاکٹر پی نارائینہ نے گزشتہ15دن کے دوران مواضعات میں قیام کرتے ہوئے شخصی طور پر مہم چلائی تاہم وہ2ہزار ایکر سے زیادہ اراضی حاصل نہ کرسکیں ۔ شیواجی نے مزید بتایا کہ چند کسانوں نے مرکزی مملکتی وزیر کامرسنرملا سیتا رمن سے بھی نمائندگی کی جو صدر بی جے پی امیت شاہ کے دورہ کے موقع پر یہاں آئی ہوئی تھیں ۔ اسی دوران پلے رگھوناتھ ریڈی نے بتایا کہ حکومت نے پونگل فیسٹول کو ریاستی تہوار کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اور چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو 13جنوری کو تروپتی سے تقاریب کا آغاز کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ فیسٹول کے لئے13.2کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں اور ہر ضلع کو ایک کروڑ روپے حاصل ہوں گے تاکہ سرکاری سطح پر سنکرانتی تہوار کا اہتمام کیاجاسکے۔

Andhra Pradesh govt acquires nearly 3000 acres for new capital

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں