خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز سپرد خاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-24

خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز سپرد خاک

ریاض
سعودی پریس ایجنسی
خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو جمعہ کو عصر بعد امام ترکی بن عبداللہ جامع مسجد ریاض میں نماز جنازہ کے بعد شاہی قبرستان العود میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ نماز جنارہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز پیش پیش تھے ۔ پاکستان سے وزیر اعظم نواز شریف ، ترکی کے صدر، رجب طیب اردگان امیرکویت شیخ صباح الحمدالصباح ، شاہ بحرین ، اعلیٰ حضرت شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ ، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، سوڈان کے صدر عمر البیشر، بحرینی وزیر اعظم شہزادہ خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ ، مصر کے وزیر اعظم ابراہیم محلب، عمان کے نائب وزیر اعظم فہد بن محمود آل سعید ، الجزائر کے اسپیکر عبدالقادر بن صالح، متحدہ عرب امارات کی سپریم کونسل کے رکن شیخ ڈاکٹر سلطان القاسمی ، راس الخیمہ کے حکمراں شیخ سعود بن صقر القاسمی ، امارات میں عجمان کے حکمران شیخ حمید النعیمی ، عجمان کے ولی عہد شیخ عمار بن حمید النعیمی جنازے میں شریک ہوئے ۔ نماز جنازہ مفتی اعلیٰ شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے پڑھائی ۔ نماز جنارہ میں شاہی خاندان کے افراد بھر پور طریقے سے شریک ہوئے ان میں شہزادہ بندر بن عبدالعزیز ، شہزادہ ممدوح بن عبدالعزیز ، شہزادہ عبدالالہ بن عبدالعزیز ، شہزادہ احمد بن عبدالعزیز ، ولی شہد شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز ، ولی عہد دوم شہزادہ محمد بن نایف موجود تھے ۔ خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ کے بیٹے، پوتے، علماء، مشائخ، وزراء ، شہری و فوجی اعلیٰ عہدیدار اور عوام کثیر تعداد میں نماز جنازہ میں شرکت کے لئے پہنچے ہوئے تھے ۔ نماز کے بعد خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے شرکائے جنازہ نے تعزیت کی ۔ ان میں سلاطین ، صدرور اور وزرائے اعظم کے علاوہ شاہی خاندان کے افراد ، علماء ، وزراء اور اعلیٰ عہدیدار پیش پیش تھے ۔ شہزادہ بندر بن عبدالعزیز ، شہزادہ ممدوح بن عبدالعزیز ، شہزادہ عبد الا لہ بن عبدالعزیز، شہزادہ محمد بن نایف ، اور خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے بیٹوں اور پوتوں سے بھی تعزیت کی گئی ۔ بعد ازاں خادم حرمین شیریفین کا جنازہ العود قبرستان لے جایا گیا ۔ جہاں انہیں سپرد خاک کیا گیا۔ شاہ عبداللہ کا انتقال جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب صبح ایک بجے ہوا تھا ۔ ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز شاہی خاندان کے افراد اور پوری امت نے خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ ایوان شاہی نے اعلامیہ جاری کرکے پوری قوم وک سانحہ کی اطلاع دی ۔ شاہ عبداللہ کے انتقال کو پوری امت کے لئے عظیم خسارے سے تعبیر کیا اور دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ اسلام ، مسلمانوں، سعودی عرب اور سعودی عوام کے لئے بہترین خدمات پر انہیں عظیم اجر سے نوازے۔

Saudi Arabia's King Abdullah buried in Riyadh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں