عربوں اور مسلمانوں کے لئے شاہ عبداللہ کی خدمات فراموش نہیں کی جا سکتیں - عرب رہنما - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-24

عربوں اور مسلمانوں کے لئے شاہ عبداللہ کی خدمات فراموش نہیں کی جا سکتیں - عرب رہنما

ریاض
سعودی پریس ایجنسی
عرب اور مسلم رہنماؤں نے عربوں اور مسلمانوں کے لئے خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی خدمات پر قدرومنزلت کا اظہار کیا ہے ۔ بحرینی فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے کہا کہ شاہ عبداللہ بحرین اور اس کے عوام کا عظیم سہارا تھے ۔ ہم سب اس سہارے سے محروم ہوگئے ہیں۔ وہ نہ صرف یہ کہ مملکت بلکہ تمام عربوں، امت مسلمہ اور بنی نوع انساں کے خیر خواہ تھے ۔ بحرین نے 40دن تک سوگ کا اعلان اور3دین تمام سرکاری ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بحرین کے وزیر اعظم شیخ خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ نے کہا کہ امت مسلمہ ایسے نامور رہنما حکیم امت سے محروم ہوگئے جس نے اپنی زندگی امت اور اس کے مسائل کے حل کیلئے نذر کررکھی تھی ۔ کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الصباح نے کہا کہ انہیں شاہ عبداللہ کی وفات کا دلی صدمہ ہے ۔ شاہ عبداللہ جی سی سی ، عرب لیگ، اسلامی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ میں اسلام، مسلمانوں اور عربوں کے مسائل کے حل کے لئے سرتوڑ کوشش کرتے تھے ، متحدہ عرب امارات کے فرمانروا شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان نے کہا کہ عرب اور امت مسلمہ قدآور تاریخی رہنما سے محروم ہوگئی ۔ شاہ عبداللہ نے امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے لئے زندگی کی آخری سانس تک کبھی ادنی فروگزاشت سے کام نہیں لیا ۔ امارت نے3روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے ۔ امیر قطر شیخ تمیم بن احمد الثانی نے عرب اتحاد کے لئے شاہ عبداللہ کی خدمات کا بہترین الفاظ میں تذکرہ کیا۔ سوڈانی صدر عمر البشیر نے کہا کہ شاہ عبداللہ بہادر رہنما تھے ۔ وہ عربوں، مسلمانوں اور دنیا بھر کے انسانوں کے مسائل کے زبردست وکیل تھے ۔ مصر کے وزیر اعظم ابراہیم محلب نے کہا کہ تاریخ کے صفحات مملکت عربوں اور مسلمانوں کے لئے شاہ عبداللہ کے کارناموں کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔ ان کے کارنامے زریں حروف میں تحریر کئے جائیں ۔ لبنانی وزیرا عظم تمام سلام نے کہا کہ شاہ عبداللہ لبنانی عوام کے دلوں اور یادداشت میں ہمیشہ بسے رہیں گے ۔ مراکش کے فرمانروا شاہ محمد السادس نے کہا کہ شاہ عبداللہ کی وفات نہ صرف یہ کہ سعودی عرب بلکہ مراکش کے ایک ایک شہری اور پوری امت مسلمہ کے لئے عظیم نقصان ہے ۔
الجزائری صدر عبدالعزیز بو تفلیقہ نے کہا کہ الجزائر کے تمام عوام اور رہنما شاہ عبداللہ کی وفات پر غمزدہ ہیں۔ الجزائر کی تمام مساجد میں جمعہ کے بعد غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ الجزائر میں 3روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ۔ عراقی صدر فواد معصوم نے کہا کہ وہ سعودی عرب کے شاہی خاندان اور عوام سے شاہ عبداللہ کی وفات پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہیں۔ عرب پارلیمنٹ کے اسپیکر احمد الجروان نے کہا کہ شاہ عبداللہ امت مسلمہ کے قائد تھے ہم ان سے محروم ہوگئے ۔ عرب خبر رساں ایجنسیوں کی تنظیم نے کہا کہ شاہ عبداللہ نے اخلاص کے ساتھ زندگی بھر عربوں اور مسلمانوں کی خدمت کی ۔ مصر اور مختلف عرب ممالک میں شاہ عبداللہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ۔

King Abdullah's services to Arabs and Muslims can not be ignored - Arab leaders

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں