ملک کی مختلف ریاستوں میں جشن جمہوریہ کا انعقاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-27

ملک کی مختلف ریاستوں میں جشن جمہوریہ کا انعقاد

نئی دہلی
پی ٹی آئی؍ یو این آئی
دو کم شدت کے بم دھماکوں کے سواء آسام میں یوم جمہوریہ کی تقاریب ریاست بھر میں پر امن طور پر انجام پائی ۔ اس دوران تہذیبی ورثہ و ہندوستانی طاقت کا مظاہرہ کیا گیا۔آسام کے تیل کی پیداوار کے لئے مشہور ضلع ڈیابول میں دو کم شدت کے بم دھماکے کئے گئے جس کے دوران کوئی بھی شخص زخمی یا ہلاک نہیں ہوا ۔ ایک دھماکہ ریلوے پٹریوں کے قریب کچرے کے ڈھیر میں کیا گیا جب کہ دوسرا دھماکہ ایک نالہ میں کیا گیا ۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اے پی تیواری نے یہ بات بتائی ۔ ریاست جموں و کشمیر میں ہمہ سطحی سیکوریٹی انتظامات کئے گئے تھے ، آج ریاست کے تینوں خطوں (وادی کشمیر ، جموں اور لداخ) میں66ویں یوم جمہوریہ کی تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا ۔ جموں میں سب سے بڑی تقریب مولانا آزاد میموریل اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جہاں ریاستی گورنر این این ووہرا نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی ۔ سری نگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دوسرے بڑے قصبوں اور تحصیل ہیڈ کوارٹر میں بھی ہڑتال کی وجہ سے زندگی کے معمولات درہم برہم ہوکر رہ گئے ۔منی پورم میں یوم جمہوریہ کی تقریب دہشت گردوں کے بائیکاٹ اور بم دھماکہ کے سایہ میں منائی گئی ۔ پریڈ کا آغاز منی پور رائفلز پریڈ گراؤنڈ سے ہوا ۔ پریڈ کے مقام پر دو دھماکے ہوئے جس میں پہلا دھماکہ کھویا تھونک اور دوسرا دھماکہ میورونگ کھوم میں ہوا ۔ اس دھماکہ کی وجہ سے کوئی بھی زخمی نہیں ہوا اور سخت سیکوریٹی کے درمیان پریڈ کا سلسلہ جاری رہا۔ بڑے پیمانے پر جوانوں کو تعینات کیا گیا تھا ۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے ریاست بھر کے مختلف مقامات پر درجنوں دھماکے ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر اورکرم ایبوبی نے کنگلامیں ترنگا لہرایا۔ اس موقع پر80اسکول، کالج اور منی پور پولیس نے پریڈ میں حصہ لیا ۔ پریڈ شہر کے مختلف حصوں سے گزری ۔ ملک کے مخٹلف حصوں پر مبنی ثقافتی پروگرام کو پیش کیا گیا ۔ ریاست کے مختلف محکموں نے بھی جھلکیاں پیش کیں ۔ بم دھماکہ اور ہڑتال کے اعلان کی وجہ سے پریڈ دیکھنے والوں کی تعداد کافی کم تھی ۔ شمال مشرق ریاستوں کی چار ملی ٹینٹ تنظیموں نے یوم جمہوریہ کی تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔25جنوری سے رات9بجے26جنوری شام6بجے تک کے لئے ہڑتال کا اعلان کیا گیا۔ جن جماعتوں نے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا، ان میں کوارڈی نیشن کمیٹی ،(کور کوم) منی پور کا متالبریشن آرگنائزیشن (کے ایل او) نیشنل ڈیمو کریٹک فرنٹ آف بورلینڈ( ایس) اور یونائیٹیڈ لبریشن فرنٹ آف آسام نے مشترکہ طور پر بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ہڑتال کے اعلان کی وجہ سے سڑکیں سنسان ہیں اور لوگ اپنے گھروں میں قید ہوکر رہ گئے ہیں ۔ اس دوران گورنر کے کے پال نے اپنے پیغام میں کہا کہ1950سے ہر سال یوم جمہوریہ منایاجاتا ہے ۔ ہمارا جمہوری نظام خود مختاری ، سوشلسٹ ، سیکولرازم اور ڈیموکریسی پر مبنی ہے۔ انہی بنیادی اصولوں پر چل کر ہم ترقی کی منزلیں طے کرسکتے ہیں ، جھار کھنڈ کے گورنر ڈاکٹر سید احمد نے کہا کہ دہشت گرد اور انتہا پسندی ریاست کی ترقی میں بڑا چیلنج ہے اور ریاست میں بائیں بازو کی انتہا پسندی کے مسائل سے نمٹنے کے لئے حکومت نے سخت رخ اختیار کیا ہے ۔ جناب سید احمد نے آج یہاں مورہا وادی میدان میں ملک کے66ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقدہ ایک سرکاری تقریب میں قومی پرچم لہرانے کے بعد کہا کہ حکومت نے حفاظتی اقدامات کو ترقیاتی کاموں سے منسلک کرکے اچھی پہل کی ہے ۔
اب حفاظتی دستہ ماؤنوازوں کے خلاف مہم کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں میں بھی شامل ہوسکیں گے ۔ ماوسٹوں سے متاثرہ علاقوں میں ترجیحی بنیاد پر سڑکوں کا جال بچھایاجائے گا۔ مقامی عوام کی مدد سے تمام چھوٹی بڑی سڑکیں بنائی جائیں گی ۔ انہوں نے ترقی کی راہ سے بھٹکنے والے ان تمام نوجوانوں سے تشدد ترک کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کسی مسئلہ کا حل نہیں ۔ جناب سید احمد نے کہا کہ وہ ایسا جھار کھنڈ کا خواب دیکھتے ہیں جو غریبی، بے روزگاری ، جہالت اور بد عنوانی سے پاک ہو اور ہندوستان کے دیگر ترقی یافتہ ریاستوں کے درمیان اپنی شناخت قائم کرسکے ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب اس خواب کو پورا کرنے میں سر گرم حصہ داری ادا کریں ۔ مغربی بنگال میں گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی یوم جمہوریہ کے موقع پر ترنگا پرچم لہرایا ۔ اندرا گاندھی سرانی( ریڈروڈ)پر گورنر نے تینوں افواج آرمی ، بحریہ اور فضائی افواج کے کمانڈروں سے سلامی لی ۔ اس موقع پر چیف منسٹر ممتا بنرجی ودیگر ریاستی وزراء اعلیٰ و افسران موجود تھے ۔ ریڈروڈ سمیت دیگر قریبی علاقوں میں سخت سیکوریٹی کے انتظامات تھے۔ چیف منسٹر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ یوم جمہوریہ ہمیں خود مختاری ، شوسلسٹ ، سیکولرازم کے لئے وقف کرنے کا سبق دیتی ہے ۔ ریڈ روڈ پر منعقد پریڈ میں کلکتہ ٹریفک پولس، ایسٹرن ریلوے، این سی سی کیڈٹ آرمی پبلک اسکول ، اور دیگر اسکول کے طلباء نے اس رنگا رنگ تقریب میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ اس کے علاوہ مختلف محکموں میں جھلکیاں پیش کی گئیں اور عوام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔

Republic Day celebrated in states

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں