وزیراعظم مودی کا ایجنڈا ترقی ہے گھر واپسی نہیں - رام ولاس پاسوان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-01

وزیراعظم مودی کا ایجنڈا ترقی ہے گھر واپسی نہیں - رام ولاس پاسوان

ترواننتھاپورم
یو این آئی
گھر واپسی اور تبدیلی مذہب مخالف قانون سے متعلق قومی جمہوری اتحاد حکومت کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے لوک جن شکتی پارٹی کے سربراہ ووزیر اغذیہ، عوامی نظام تقسیم اور امور صارفین رام ولاس پاسوان نے آج کہا کہ مرکزی حکومت کی اصل ترجیح ترقی ہے ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاسوان نے واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا واضح ایجنڈہ صرف ترقی ہے اور کوئی دوسرا مقصد نہیں ہے جیسا کہ اپوزیشن پارٹیاں دعویٰ کررہی ہیں ۔ اس خیال کا اظہار کرتے ہوئے کہ حکومت کا گھر واپسی سے کوئی لینا دینا نہیں ، انہوں نے کہا کہ جبری تبدیلی مذہب آئین کے مطابق جرم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص اپنی مرضی سے کوئی مذہب قبول کرتا ہے تو یہ کوئی جرم نہیں ہے ۔ رضاکارانہ طور پر مذہب کی تبدیلی کو جرم نہیں کہا جاسکتا ۔ اپوزیشن پارٹیاں جنہوں نے اس معاملے میں پارلیمنٹ کی کاروائی چلنے نہیں دی ،کیونکہ اس معاملے میں کھلی بحث کے لئے تیار نہیں ہیں۔ اگر وہ بحث کے لئے تیار نہیں ہیں تو وزیر اعظم اس معاملے میں کیسے جواب دے سکتے ہیں ۔ وزیر اعظم پر آر ایس ایس کے اثر سے متعلق ایک سوال کے جواب میں پاسوان نے کہا کہ نریندر مودی ایک نہایت طاقتور وزیر اعظم ہیں اور کوئی کسی معاملہ میں انہیں ہدایت نہیں دے سکتا ۔ پاسوان نے کہا کہ مودی کی قیادت میں ملک کی شبیہ بہت بہتر ہوئی ہے ۔ پچھلے سات مہینوں سے بد عنوانی کا کوئی الزام سامنے نہیں آیا ہے ۔ مودی ترقی، نوجوانی کی بہبود اور ملک کے وقار کو اولین ترجیح دے رہے ہیں۔

Govt has nothing to do with issues like conversion: Paswan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں