تبدیلی مذہب پر مودی اپنی خاموشی توڑیں - سوامی اگنی ویش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-01

تبدیلی مذہب پر مودی اپنی خاموشی توڑیں - سوامی اگنی ویش

نئی دہلی
آئی اے این ایس
آریہ سماج کے لیڈر سوامی اگنی ویش نے وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ وہ تبدیلی مذہب کے مسئلہ پر اپنی خاموشی توڑیں اور ترقی کے اپنے ایجنڈہ کا احیاء کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندو شورش پسندوں کو دوسروں کو گھر واپسی کے لئے طلب کرنے سے پہلے خود اپنا محاسبہ کرنا چاہئے۔ اگنی ویش نے کہا کہ ہندو انتہا پسند گروپ جو مسلمانوں اور عیسائیوں کو ہندو بنانا چاہتے ہیں حکومت کے اعتبار کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جلد یا بہ دیر مودی کو ایسے عناصر کے خلاف بولنا ہوگا۔ وہ خود کو اس معاملہ سے مزید الگ نہیں رکھ سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے ترقی کے ایجنڈہ کو نقصان پہنچانے والا کوئی بھی قدم مرکزی حکومت کے اعتبار کو نقصان پہنچائے گا ۔ ساتھ ہی ساتھ اس سے مودی کی شخصی امیج بھی متاثرہوگی ۔ اگنی ویش نے ہندو گروپوں سے خواہش کی کہ وہ اپنا محاسبہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ طاقتیں جواب یہ محسوس کررہی ہیں کہ مودی کے بل بوتے پر اپنا اثر دکھائیں گی یہی سمجھ رہی ہیں کہ مودی اب بھی آر ایس ایس کے پرچارک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان معاملات سے مودی بھی بے چینی محسوس کررہے ہیں ۔ اس لئے مودی کو سب کا ساتھ سب کا وکاس کے اپنے نعرہ کا احیاء کرتے ہوئے ایسے ہندو گروپوں کو روکنا چاہئے۔ اگنی ویش نے کہا کہ وشوا ہندو پریشد جیسی تنظیمیں یہ سمجھتی ہیں کہ ہندوؤں کو زبردستی مسلمان یا عیسائی بنایا گیا ہے جب کہ ہندوؤں کی اکثریت یہ محسوس کرتی ہے کہ ہندو ازم کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندو مذہب میں ذات پات کا جو نظام ہے وہ لوگوں کو مذہب سے باہر جانے پر مجبور کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام عیسائیت قبول کرنے والے افراد کا تعلق زیادہ تر نچلی ذاتوں سے ہے جو ہتک اور بے عزتی کا شکار ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندو عقیدہ رکھنے کے باوجود بھی ذات پات کے نام پر انہیں مساوی حقوق دینے سے انکار کیا گیا ۔ یہی وجہ ہے کہ70فیصد لوگوں نے دوسرے مذاہب کو اختیار کیا۔ اگنی ویش نے کہا کہ گھر واپسی کروانے سے پہلے ان ہندو تنظیموں کو اپنی خامیوں پر نظر ڈالنی چاہئے ۔ اسی دوران کانگریس نے سنگھ پریوار اور مرکز میں بر سر اقتدار بی جے پی کے درمیان گٹھ جوڑ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی اس مسئلہ پر خاموشی اس بات کا ثبوت ہے ۔

Break silence on conversions, Agnivesh tells Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں