جماعت اسلامی ہند مہاراشٹرا - مراٹھی ترجمہ قرآن کا اینڈرائڈ ایپلیکیشن تیار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-19

جماعت اسلامی ہند مہاراشٹرا - مراٹھی ترجمہ قرآن کا اینڈرائڈ ایپلیکیشن تیار

ممبئی
ایس این بی
بلا شبہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ یعنی فیس بک، بلاگ اسپاٹ ، ٹوئٹر اور ویٹس ایپ وغیرہ ہماری زندگی کا ایک اٹوٹ حصہ بن چکا ہے ۔ یہ آج مواصلات کے نئے ذرائع ہیں لیکن بہت موثر ثابت ہے ۔ یہ نہ صرف تبادلہ خیال کا اہم ہتھیار بن کر ہمارے سامنے آیا ہے ، بلکہ سوشل میڈیا معلومات فراہمی کا بھی ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوا ہے ۔ گزشتہ چند دنوں میں ہم نے دیکھا ہے کہ سوشل میڈیا نے ہماری کمیونکیشن ہیبٹ کو کس طرح بدل ڈالا ہے ، آج ملک میں لگاتار بڑھتی ہوئی انٹر نیٹ یوزرس کی تعداد و اسمارٹ فون سیگمینٹ میں آئی اچانک تیزی نے مواصلات کی شکل و شباہت کو بدل ڈالا ہے اور پیغام رسانی کو آسان و سستا تو بناہی دیا ہے ۔ آج ملک میں پیغام رسانی کے لئے سوشل میڈیا کا استعمال95فیصد سے زیادہ کاروباری و غیر کاروباری اداروں کے علاوہ غیر سرکاری تنظیمیں کررہی ہیں ۔ اس کام کوانجام دینے کی غرض سے اب سوشل میڈیا کا شعبہ بھی قائم کیاجارہا ہے اور لوگ اپنی ضرورتوں کے مطابق بجٹ بھی طے کرنے لگے ہیں ۔ملک کی مشہور مسلم سماجی و مذہبی تنظیم ’’جماعت اسلامی ہند‘‘ کی مہاراشٹر شاخ نے گزشتہ۹ جنوری کو ریاست گیر پیمانے پر اسلام سب کے لئے دس روزہ دعوتی مہم کا آغاز کیا تھا۔ اس مہم کے تحت جماعت نے اسلام کے تعلق سے غیر مسلموں کے درمیان پھیلی مختلف غلط فہمیوں کے ازالہ کے ساتھ ساتھ ملک کے سامنے اسلام کو ایک مکمل ضابطہ حیات کی شکل میں پیش کرنا تھا ۔ اس کے علاوہ لوگوں کے سامنے موجودہ متعدد مسائل کا اسلامی حل پیش کرنا تھا۔جماعت نے اس موقع پر قتل جنین، جنسی زیادتی و بدعنوانی کو نشانہ بناتے ہوئے آڈیو، ویڈیو اور ٹیکسٹ کی شکل میں مختلف مواد تیار کیا تھا ۔ ان چیزوں کی ریاست گیر ترسیل جماعت کے لئے ایک چیلنج سے کم نہیں تھا۔ کارکنان جماعت مہم کے پیغامات کی ترسیل روایتی طریقوں سے توکر ہی رہے تھے، لیکن اپنی مہم کے پیغامات برادران وطن تک موثر طریقہ سے پہنچانے کی غرض سے جماعت اسلامی ہند نے بھی ملک میں آئی انفارمیشن تکنیک کی لہر کا فائدہ حاصل کرنے کی پہلی بار کوشش کی ، جو پہلی نظر میں سو فیصد کامیاب نظر آرہی ہے ۔
یہی سبب ہے کہ مقامی زبان میں قرآن کے تراجم کو اینڈ رائڈ امیں پیش کیا گیا جس میں خصوصی طور پر قرآن کا مراٹھی ترجمہ ہے۔ اب آئی فون استعمال کرنے والوں کو ذہن میں رکھ کر جماعت اسلامی مہاراشٹر ایس او ایس پر بھی قرآن کا مراٹھی ترجمہ پیش کررہی ہے ۔ جو اگلے کچھ دنوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے گوگل پلے پر موجود رہے ہوگا۔ غو ر طلب ہے کہ جماعت نے مہاراشٹر میں برداران وطن کے سامنے اسلام کو پیش کرنے کے لئے جو مہم شروع کی ہے ، اس کی گونج تمام جغرافیائی حدود کو پار کرتے ہوئے امریکہ و افریقہ میں بھی سنائی دے رہی ہے اور اس میں انٹر نیٹ کا بہت اہم کردار رہا ہے ۔ جماعت اسلامی ہند ، مہاراشٹر کے سکریٹری میڈیا سیل نے بتایا کہ’’جماعت نے پہلی بار سوشل میڈیا کا استعمال کسی مہم میں کیا ہے اور موصول نتائج بڑے ہی حوصلہ افزا نظر آرہے ہیں ۔ فیس بک، ٹوئٹر، یوٹیوب ، بلاگ اور وہاٹس ایپ نے ہمارے ترسیل پیغام کو آسان بنایا اور ہم اپنا پیغام ملک کے کونے کونے میں پہنچانے میں کامیاب رہے ہیں ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’ ہماری مہم مہاراشٹر ریاست تک محدود تھی لیکن سوشل میڈیا کی وجہ سے ہم اپنا پیغام ملک کے کونے کونے میں تو پہنچایا ہی ہے ساتھ ہی بیرون ملک سے بھی لوگوں کے رد عمل موصول ہورہے ہیں ۔‘‘

Quran Marathi translation Android app developed by JIH Maharashtra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں