پیرس حملہ ردعمل ہے - منی شنکر ایر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-09

پیرس حملہ ردعمل ہے - منی شنکر ایر

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سینئر کانگریس لیڈر منی شنکر ایر نے پیرس کے گستاخ جریدے پر حملہ کو رد عمل قرار دیا اور کہا کہ عراق اور افغانتان میں بے قصور اور قصور وار کی تمیز کئے بغیر مسلمانوں کو ہلاک کیا گیا ہے، نہ صرف اپوزیشن نے منی شنکر ایر کے اس بیان پر تنقید کی ہے بلکہ خود ان کی کانگریس پارٹی نے بھی ان کے بیان سے بے تعلقی کا اظہار کیا ہے ۔ منی شنکر ایر نے صحافیوں کو بتایا کہ اگر آپ طاقتور ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ سب کچھ کرسکتے ہیں اور کمزور جواب نہیں دے گا۔ جب ڈرون حملے ہوتے ہیں ، گھر تباہ کئے جاتے ہیں اور بچے ہلاک کئے جاتے ہیں تو یہ یقینی ہے کہ اس کا رد عمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی جارہی ہے اس کے پیش نظر یہ معلوم ہونا چاہئے کہ اس طرح کا رد عمل ہوسکتا ہے ۔ فرانس کو یہ دیکھنا چاہئے کہ وہ کس طرح ان واقعات کو روک سکتا ہے ۔ کانگریس لیڈر نے امریکہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عراق اور افغانستان میں مسلمانوں کو ہلاک کیا گیا اور ایسا رد عمل متوقع ہے ۔ ایر نے کہا کہ ہمیں یہ بات ماننی پڑے گی کہ9/11کے بعد شروع ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بعد سے ہی مسلمانوں کو بے قصور اور قصوروار کے فرق کے بغیر ہلاک کیاجارہا ہے ۔
امریکہ نے افغانستان اور عراق کے ساتھ ایسا کیا ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ملک شام میں بھی ایسا کیاجارہا ہے ۔ اور اس طرح کا رد عمل ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کو ہندوستان کی کثرت میں وحدت سے سبق سیکھنا چاہئے ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مغرب مسلم لڑکیوں کے حجاب کی مخالفت کررہا ہے ۔ ایر نے کہا کہ وہ لوگ کہتے ہیں کہ مسلم لڑکیاں حجاب نہیں پہن سکتیں ۔ اس کا یقیناًمسلمانوں پر کچھ اثر پڑے گا ، ہندوستان کی کثرت میں وحدت کا سبق مغرب نے ابھی نہیں سیکھا ہے ، اب تک ان کا کہنا تھا کہ وہ عیسائی ہیں اور وہاں عیسائیوں کی ہی دنیا ہے ۔ اب انہیں دوسروں کو بھی قبول کرنے پڑے گا ۔ انہیں کثرت میں وحدت کا سبق سیکھنا چاہئے ۔ اس دوران کانگریس کے ترجمان سنجے جھا نے کہا کہ منی شکر ایر کے ریمارکس ان کے شخصی خیالات ہیں۔ بی جے پی نے الزام لگایا کہ منی شنکر ایر کے بیانات دہشت گرد حملے کا جواز تلاش کرنے کے مترادف ہے۔ ان پر تنقید کی جانی چاہئے کیوں کہ ان کا نقطہ نظر خطرناک ہے ۔

Paris terror attack a 'backlash': Mani Shankar Aiyar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں