پارلیمنٹ بجٹ اجلاس - حکومت اور اپوزیشن آرڈیننس کے مسئلہ پر موقف سے پیچھے ہٹنے تیار نہیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-09

پارلیمنٹ بجٹ اجلاس - حکومت اور اپوزیشن آرڈیننس کے مسئلہ پر موقف سے پیچھے ہٹنے تیار نہیں

نئی دہلی
پی ٹی آئی
پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا فروری کے تیسرے ہفتہ میںآ واز متوقع ہے اور امکان ہے کہ یہ ایک طوفانی سیشن ہوگا کیونکہ آرڈیننسوں کے مسئلہ پر حکومت اور اپوزیشن اپنے اپنے موقف پر اٹل ہیں۔ وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے اس مسئلہ پر حکومت پر اپوزیشن کی تنقیدوں کو’’خالی گولیاں‘‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے تاہم کانگریس نے جواب میں کہا ہے کہ ان کا یہ تبصرہ غیر ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ، پارلیمنٹ سے یہ توقع نہیں رکھ سکتی کہ وہ اسکے تمام فیصلوں پر ربر اسٹامپ( ٹھپہ) لگائے گی ۔ راجیہ سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ میں تعطل نہیں چاہتے ۔ لیکن حکومت پارلیمنٹ سے یہ توقع نہیں کرسکتی کہ وہ اس کے تمام فیصلوں پر اور قانون سازی کے لئے آرڈیننس کے راستے پر ٹھپہ لگائے گی ۔ وینکیا نائیڈو نے اپوزیشن کی جانب سے عائد کئے گئے ’’آرڈیننس راج‘‘ کے الزام کو مسترد کردیا تھا اور زور دے کر کہا تھا کہ حکومت اپنے متعین کردہ راستہ پر چلے گی جس کے ایک دن بعد آنند شرما نے یہ تبصرہ کیا تھا۔ مرکزی وزیر نے بالخصوص راجیہ سبھا میں سرمائی اجلاس کے ضائع ہوجانے کے لئے اپوزیشن کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا تھا کہ کون کہتا ہے کہ یہ آرڈیننس راج ہے ۔ رکاوٹیں پیدا کرنے والا راج جمہوریت کے لئے متبادل نہیں ہوسکتا ۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے گزشتہ اجلاس میں ایوان بالا میں کوئی قانون سازی نہیں ہوسکی ۔ اپوزیشن کی جانب سے ملنے والے اشاروں سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ آرڈیننسوں کی اجرائی کو بجٹ اجلاس میں ایک بڑا مسئلہ بنائے گی ۔ حکومت پر آرڈیننس راج لانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ حکومت کے گزشتہ7ماہ کے دور میں کم از کم8آرڈیننس جاری کرنے کی مخالفت کریں گے۔ حکومت نے حال ہی میں حصول اراضی قانون میں ترمیم کے لئے ایک آرڈیننس جاری کیا ہے ۔ اپوزیشن نے اسے مخالف کسان اور پارلیمنٹ سے’’بچ کر گزرنے‘‘ کا اقدام قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ یوتھ کانگریس نے پیر کے دن احتجاج منظم کیا تھا جب کہ جنتا پریوار سے تعلق رکھنے والی جماعتوں سماج وادی پارٹی، جنتادل یو آر جے ڈی ، جے ڈی ایس اور دیگر نے اراضی ، کوئلہ اور کانکنی کے خلاف مشترکہ ایجی ٹیشن شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں