کراچی سے گجرات کی طرف کشتی روانہ ہونے کی تردید - پاکستان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-04

کراچی سے گجرات کی طرف کشتی روانہ ہونے کی تردید - پاکستان

اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستان نے اطلاعات کومسترد کردیا ہے کہ ایک پاکستانی ماہی گیر کشتی مبینہ طور پر دھماکو مادہ لے کر ہندوستان کی جانب جارہی تھی جسے گجرات کے ساحل کے قریب ہندوستانی کوسٹ گارڈزنے روکا اور کشتی دھماکہ سے شعلہ پوش ہونے بعد اس میں سوار تمام چار افراد کے ساتھ غرقاب ہوگئی ۔ دفتر خارجہ پاکستان کی ترجمان تسنیم اسلم نے ان اطلاعات کو یکسر مسترد کردیا جس میں کہا گیا کہ یہ واقعہ31دسمبر اور یکم جنوری کی درمیانی شب اس وقت پیش آیا جب مشتبہ حرکت کرتی ہوئی کشتی کو ہندوستانی کوسٹ گارڈز نے روکنے کی کوشش کی۔ ہندوستان کے مطابق اس کے ذریعہ2008کے ممبئی واقعہ کے طرز کا حملہ کرنے کی کوشش کی جارہی تھی ۔ تسنیم اسلم نے میڈیاسے کہا کہ کراچی سے کھلے سمندر میں کوئی کشتی روانہ نہیں ہوئی ۔ پاکستان کی وزارت دفاع کے عہدیداروں نے بھی ان اطلاعات کو مسترد کردیا اور کہا کہ ہندوستانی دراصل31دسمبر کو دو پاکستانی رینجرس کی ہلاکت سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ وزارت دفاع پاکستان کے ایک عہدیدار نے کہا کہ یہ پاکستان کی شبیہ کو بگاڑنے کے لئے ہندوستانی پروپیگنڈہ کا حصہ ہے ۔۔ ہندوستان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ کوسٹ گارڈکی کشتی نے ماہی گیری کی کشتی کو رکنے کے لئے انتباہ دیاتھا لیکن کشتی کی رفتار بڑھا دی گئی اور ہندوستانی بحری حدود سے اس کا رخ موڑنے کی کوشش کی گئی تھی ۔ گاندھی نگر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ہندوستانی کوسٹ گارڈز (آئی سی جی) نے دھماکو مادہ سے لدی کشتی کے سواروں کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں کیونکہ وہ اپنے لباس سے ماہی گیر نہیں لگتے تھے اور ان کے پاس مچھلیاں پکڑنے کا جال بھی نہیں تھا ۔ آئی سی جی نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے دشمن کشتی کو روکنے کے لئے مقررہ معیار کو ملحوظ رکھا تھا ۔ بحری قانون نفاذ ایجنسی نے اس دعوے کا اعادہ کیا کہ کشتی خو اس کے سواروں کی جانب سے شعلہ پوش کی گئی جس کے نتیجہ میں دھماکہ ہوا اور بعد ازاں وہ غرق ہوگئی۔ کوسٹ گارڈکمانڈر( شمال مغربی ریجن) کلدیپ سنگھ شیورن نے صحافیوں سے کہا کہ کشتی کے سواروں کی نعشوں اور ملبہ کی تلاش کی جارہی ہے ۔ یہ پوچھنے پر کہ کیا سوار دہشت گرد تھے؟ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی کئی ہندوستانی انٹلی جنس ایجنسیاں مشترکہ طور پر تحقیقات کررہی ہیں ۔ اور وہ اس کی تہ تک پہنچیں گی ۔

Pakistan rejects reports of boat interception off Gujarat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں