برج خلیفہ 70 ہزار برقی قمقموں سے بقعہ نور - ورلڈ ریکارڈ ٹوٹ گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-02

برج خلیفہ 70 ہزار برقی قمقموں سے بقعہ نور - ورلڈ ریکارڈ ٹوٹ گیا

New-Year-eve-gala-around-Burj-Khalifa
دبئی
پی ٹی آئی
سال نو2015ء کی آمد یعنی شب سال نو کے موقع پر کل رات دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے اطراف70ہزار ایل ای ڈی برقی قمقموں سے بقعہ نور بنا دیاگیا اور اس طرح برج خلیفہ دنیا کی سب سے وسیع اور سب سے بلند منور ترین عمارت کی شکل میں ابھرا اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈس کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا ۔ زبردست آتشبازی اور کسی عمارت کو برقی قمقموں سے بے مثال انداز میں سجانے کا ایسا مظاہرہ اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھ اگیا تھا۔ اقطاع عالم سے آئے ہوئے سیاح اس شاندار اور حیران کن منظر کو دیکھ کر دم بخود رہ گئے ۔ یہ سیاح829.8میٹر بلند اس فلک بوس عمارت کے اطراف جمع تھے اور آتشبازی اور روشنی کا بے مثال مظاہرہ دیکھ رہے تھے ۔ برج خلیفہ کے اطراف32467مربع میٹر علاقہ کو روشنیوں سے منور کردیا گیا تھا ۔ چکا چوند کرنے والی روشنی کی ایسی سجاوٹ کا اب تک کا ریکارڈ انڈونیشیا میں مال تمن انگریک نے قائم کیا تھا ۔ کل برج خلیفہ کے پاس ہوئے روشنی اور آتشبازی کے مظاہرہ نے انڈونیشیا کی عمارت کے ریکارڈ کو توڑ دیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ برج خلیفہ کے اطراف ایل ای ڈی اسکرین کا علاقہ تقریباً پونے چار گنا زیادہ وسیع تھا۔ ریکارڈ توڑ ایل ای ڈی ڈسپلے میں70ہزر ایل ای ڈی برقی قمقمے ، زائد از ایک لاکھ براکٹس کو استعمال کرتے ہوئے لگائے گئے تھے ۔ اس حیران اور شاندار مظاہرہ کے لئے55ہزار میٹر کیبلنگ استعمال کی گئی تھی ۔ مختلف زاویوں سے نصب کردہ4کیمروں کے ذڑیعہ اس مظاہرہ کو لائیو ٹیلی کاسٹ کیا گیا ۔3ڈرون طیاروں کے ذریعہ بھی منظر کشی کی گئی اور اہم بین الاقوامی چیانلوں کے ذریعہ دنیا بھر میں کروڑوں عوام نے رنگ و نور کا یہ مظاہرہ دیکھا۔ اعمار پراپرٹیز کے منیجنگ ڈائرکٹر احمد المطروشی نے بتایا کہ ’’یہ تقریب آنے والے بہتر کل کی امیدون اور مسرتوں کو اپنے ساتھ لاتی ہے اور عالمی شہر دبئی کی ترقی کے ایک نئے دور کا یقین دلاتی ہے ۔ یہ شہر تجارتی مواقع اور ماحول کے علاوہ شخصی ارتقاء کے بھی مواقع فراہم کرتا ہے ۔‘‘ آتشبازی میں لیزر شو کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔ ملٹی میڈیا ڈسپلے میں دنیا کی انتہائی عصری پیروٹیکنکس اور ایل ای ڈی روشنی ٹکنالوجیز کو استعمال کیا گیا ۔ آتشبازی کے مظاہرہ کے لئے زائد از4.7ٹن پٹاخے استعمال کئے گئے ۔

New Year eve gala around Burj Khalifa breaks Guinness Record

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں