آندھرا میں سرمایہ کاری کے لئے آسٹریلیائی صنعت کاروں کو دعوت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-13

آندھرا میں سرمایہ کاری کے لئے آسٹریلیائی صنعت کاروں کو دعوت

نئی دہلی
اعتماد نیوز
آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کلیدی شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کے لئے آسٹریلیا کے صنعت کاروں کو مدعو کیا ہے ۔ وہ تاج پیالیس نئی دہلی میں کانفیڈریشن ہند ، آسٹریلیا صنعتی چوٹی کانفرنس کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ نائیڈو نے اپنی ریاست کو2029ء تک ملک کی سب سے زیادہ ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست میں بدل دینے کا عزم کیا ۔ انہوں نے اس ریاست میں مختلف وسائل کی فراہمی اور تجارتی و صنعتی منظر کو پیش کیا ۔ انہوں نے آسٹریلیا کے صنعت کاروں سے کہا کہ توانائی ، معدنی وسائل، انفراسٹرکچر ، مالیاتی خدمات، فوڈ سکیوریٹی ، زراعت ، آبی مینجمنٹ ، تعلیم، ٹورازم ، صحت و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع دستیاب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے وشاکھا پٹنم سے کاکی ناڈا کا علاقہ جو603مربع کلو میٹر کا احاطہ کرتا ہے ، پٹرولیم و پٹروکیمیکل میں سرمایہ کاری کے عظیم مواقع پیش کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ چینائی، بنگلور صنعتی راہداری سے بالکل قریب ہے ۔ معدنی وسائل پر مبنی صنعتوں کے لئے یہ ایک بہترین جگہ ثابت ہوگی ۔ چمڑوں کے صنعت کے لئے یہ ایک تربیتی مرکز ثابت ہوگا اور اس کے علاوہ آٹو موبائیل اور گلاس انڈسٹیز کو بھی وسعت دی جائے گی ۔ انہوں نے وشاکھا پٹنم ، چینائی صنعتی راہداری کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم، اسٹیل، فرٹیلائز، برقی، معدنیات ، خوردنی تیل، آٹو موبائل ، ٹیکسٹائل، کیمیکل، بائیو ٹکنالوجی اورفوڈ پراسیسنگ میں سرمایہ کاری پرکشش ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش جغرافیائی سطح پر ملک کا ایک مرکز ہے ۔ ریاست بندرگاہی انفراسٹرکچر روڈ، ریل اور فضائی رابطہ کو بہتر سے بہتر بنانے کے اقدامات کررہی ہے ۔ ریاست میں صنعتی اسٹیٹس کا جال بچھا دیاجائے گا ۔ انہوں نے آسٹریلیا کے نمائندوں سے کہا کہ وہ اس ریاست کا دورہ کریں اور سرمایہ کاری کے لئے خوف فیصلہ کریں ۔
انہوں نے بتایا کہ آندھرا پردیش میں950کلو میٹر ساحلی پٹی ہے، مشرقی گھاٹ کا پہاڑی سلسلہ گھنے جنگل،ماحولیات متنوع منظر جیسے نلہ ملہ، سیاچلہ اور شیاداری پہاڑی سلسلہ اس کے قدرتی خوبصورتی کو ظاہر کرتے ہیں ۔ یہاں چڑیوں کی پناہ گاہیں ہیں ، کئی منادر اور بدھ مت کے کئی مقامات ہیں جو سیاحت بلکہ ماحولیاتی سیاحت اور مہم جو سیاحوں کے لئے یہ مواقع فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ریاست کی سر زمین زرخیز ہے جہاں مختلف قسم کے فصلیں اگائی جاتی ہیں۔ بہتر آبپاشی اور دریائی نظام کی وجہ سے یہاں کی ڈیلٹا سونا اگلتی ہیں۔ پارچہ سازی، ملبوسات کی صنعت کو یہاں کافی عروج حاصل ہوگا اس لئے کہ کپاس کی پیداوار میں سارے ملک میں یہ تیسرے مقام پر ہے اور یہاں اربوں ڈالر سرمایہ کاری کے مواقع اس صنعت میں دستیاب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک حرکیاتی پارچہ صنعت کے تحت ہینڈ لوم ، پاور لوم، ٹیکسٹائیل اور اپاریل کے شعبوں میں وسیع مواقع آپ کو دعوت دے رہے ہیں ۔

Naidu invites Australian firms to invest in Andhra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں