آسارام کیس کے ایک اور گواہ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-13

آسارام کیس کے ایک اور گواہ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا

مظفر نگر
یو این آئی
مذہبی رہنما آسام رام باپو کے خلاف عصمت ریزی کیس(سورت) کے ایک اور گواہ کو یہاں کل رات گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ قبل ازیں کیس کے اصل گواہ امرت پرجاپتی کو راجکوٹ میں قتل کردای گیا تھا ۔ کل رات جس گواہ کو گولی ماردی گئی اس کا نام اکھل گپتا(40سالہ ) ہے ۔ گپتا پردو نامعلوم مجرمین نے گنگا پلازا کے قریب اس وقت فائرنگ کردی جب گپتا ، اسکوٹر پر جارہے تھے۔ اکھل گپتا ،شہر کے گیتا انکلیو کے رہنے والے تھے اور ماضی میں آسارام کے باورچی اور شخصی مددگار رہے تھے۔ انہوں نے قبل ازیں آسام رام کے خلاف عدالت میں گواہی دی تھی۔ ایس ایس پی ہری نارائن سنگھ نے بتایا کہ پولیس قتل کیس واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے ۔ سنگھ نے کہا کہ موٹر سیکل پر سوار2مجرمین نے اکھل پر قریبی فاصلہ سے گولیاں برسائیں اور اکھل نے مقام واردات ہی پر دم توڑ دیا ۔ آسام ، ایک کم عمر لڑکی پر جنسی حملہ کے سلسلہ میں ان دنوں جیل میں ہیں۔ گجرات پولیس نے مذکورہ کیس(2013) کے سلسلہ میں گاندھی نگر کی ایک عدالت میں اکھل بیان ریکارڈ کیا تھا اور اکھل کو اس کیس کا ایک اہم گواہ سمجھا جارہا تھا ۔ آسارام اور ان کے فرزند نارائن سائی کو سورت میں مقیم 2بہنوں کی عصمت ریزی کے الزامات کا سامنا ہے ۔ سنگھ نے بتایا کہ اکھل گپتا پر فائرنگ کرنے والے 2حملہ آوروں کو پکڑنے پولیس کی3ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ اکھل کے رشتہ کے بھائی اشتیش گپتا نے2نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرایا ہے ۔ پولیس، مختلف زاویوں سے کیس کی تحقیقات کررہی ہے ۔ اس بات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے کہ آیا یہ کیس کسی قدیم دشمنی کا شاخسانہ تو نہیں ہے ؟

Another Witness in Surat Asaram Rape Case Shot Dead

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں