فلم -پی کے- کے خلاف احتجاج شخصی مفادات کی تکمیل کا ذریعہ - این ایس یو آئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-03

فلم -پی کے- کے خلاف احتجاج شخصی مفادات کی تکمیل کا ذریعہ - این ایس یو آئی

نئی دہلی
یو این آئی
نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا( این ایس یو آئی) نے ملک بھر میں بجرنگ دل کارکنوں کی جانب سے عامر خان کی فلم’’ پی کے‘‘ کے خلاف احتجاج کی مذمت کرتے ہوئے آج کہا کہ فلم کے خلاف احتجاج کرنے والے محض اپنے شخصی ایجنڈہ کو آگے بڑھارہے ہیں ۔ این ایس یو آئی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ ایک ایسی فلم ہے جومذہب ، ذات پات ، ثقافت اور روایتی اختلافات کے باوجود تمام انسانوں کو متحد کرنے کی اور ہم آہنگی کے ساتھ زندگی گزارنے کی ترغیب دیتی ہے ۔ یہ ایسی فلم ہے جو ان خود ساختہ سادھو سنتو ں کی مذمت کرتی ہے جنہوں نے تشدد اور نفرت پھیلانے مذہب کو ایک پلیٹ فارم میں تبدیل کردیا ہے تاکہ اپنے شخصی مفادات کی تکمیل کرسکیں ۔ یہ فلم قابل ستائش ہے اور صرف وہ لوگ اس کے خلاف احتجاج کررہے ہیں جو خود اپنے شخصی ایجنڈہ کی تکمیل کے لئے مذہب کا استعمال کرتے ہوئے مذہب کے نام پر عوام میں پھوٹ ڈال رہے ہیں۔ یہ بتاتے ہوئے کہ ہمارا دستور ہر ایک کو ا پنی رائے اور نقطہ نظر کرنے کی آزادی دیتا ہے ۔ این ایس یو آئی نے خواہش ظاہر کی کہ احتجاج کرنے والوں تک’’ گیٹ ویل سون‘ ‘ کا پیام پہنچایاجائے ۔ این ایس یو آئی نے کہا کہ ہمارا دستور ہمیں اپنی رائے کے اظہار کی آزادی دیتا ہے اور یہ ہمارا حق ہے ۔ فنون لطیفہ مختلف اشکال میں ہمیشہ سے رائے اور نکات نظر ظاہر کرنے کا ذریعہ رہے ہیں ۔ ہم ایسے جنونی دائیں بازو کی تنظیم اور رام نمبر باباؤں کے جلد ٹھیک ہوجانے کی تمنا کرتے ہیں۔ این ایس یو آئی پی کے کی تائید کرتی ہے ۔

جئے پور سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب بجاج نگر پولیس اسٹیشن میں فلم‘پی کے‘ کے پروڈیوسر ، ڈائرکٹر اور ایکٹر کے خلاف ایک کیس درج کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی۔ بجاج نگر کے ایس ایچ او چرنجیوی لال نے کہا کہ فلم کے پروڈیوسر ، ڈائرکٹر اور ایکٹر کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ295Aاور153Aکے تحت ایک کیس درج کرلیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں بسنت گہلوٹ نامی ایک شخص نے شکایت درج کرائی تھی اور یہ معاملہ زیر تحقیق ہے ۔ ایف آئی آر میں تینوں کے نام درج نہیں کئے گئے ہیں۔ عامر خان کی اس فلم پر دائیں بازو کی ہندو تنظیموں نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے اور اس کے خلاف احتجاج بھی کیا ہے ۔ انہوں نے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے فلم کی نمائش پر امتناع عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں