مودی خفیہ ایجنڈہ پر عمل پیرا - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-11

مودی خفیہ ایجنڈہ پر عمل پیرا - کانگریس

گوہاٹی
پی ٹی آئی
کانگریس نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی پر توجہ دینے کے بجائے مودی مذہبی تعصب پھیلانے کے خفیہ ایجنڈے پر کاربند ہیں۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری سی پی جوشی نے یہاں ایک ریلی سے مخاطبت میں کہا کہ پچھلے سات ماہ میں ملک میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہوئی ۔ مودی نے ہر ایک کے ہاتھ میں جھاڑو تھمادی اور ہندوستان کو صاف کرنے کو کہا۔ وہ ملازمتیں اور فیکٹریاں کہاں ہیں جن کاوعدہ مودینے کیا تھا۔ مودی حکومت نے اس کے بجائے خفیہ ایجنڈہ پر کام شروع کردیا ۔ ان کے ایم پیز سادھوی نرنجن جیوتی اور ساکشی مہاراج مذہبی تعصب پھیلار ہے ہیں، وہ(مودی) پھر بھی خاموش ہیں۔ اگر یہ مودی کا ایجنڈہ ہے تب عوام سے کہہ دیجئے کہ ترقی تمہارا ایجنڈہ نہیں ہے ۔ جوشی نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ کارپوریٹ سیکٹر کو فائدہ پہنچانے کی غرض سے تمام موجودہ قوانین میں تبدیلی لارہی ہے ۔ جوشی نے سرحد پر پاکستانی فائرنگ پر بھی مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ کا56انچ کا سینہ کہاں ہے اب جب کہ ہر دن پاکستان گولہ باری کررہا ہے اور ہندوستانی عوام کو ہلاک کررہا ہے ۔ جوشی نے بی جے پی پر تمام ڈیولپمنٹ کے کاموں کا کریڈیٹ لینے پر اعتراض بھی جتایا۔ ادھر سینئر کانگریس قائد اور سابق مرکزی وزیر راجیو شکلا نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے وعدہ کردہ اچھے دن نظر نہیں آرہے ہیں اوران کے بتائے ہوئے چاند تارے توڑ لانے کے خواب اوندھے منہ گر گئے ہیں۔
یہاں رپورٹرس سے بات چیت میں شکلا نے کہا اچھے دن نظر نہیں آرہے ہیں ، اور مہنگائی اپنے عروج پر ہے کیونکہ مودی حکومت اس پر قابو پانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کافی نہیں ہے۔ شکلا نے کہا کہ کانگریس کے اقتدار کے دوران خام تیل کی قیمت115ڈالر فی بیرل تھی جس میں بہت تیزی سے کمی واقع ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ آج45ڈالر فی بیرل سے خریداجارہا ہے اس قیمت پر پٹرول اور ڈیزل بالتریب 30اور 25روپے فی لیٹر فروخت کیاجانا چاہئے لیکن مودی حکومت تیل کمپنیوں کے مفاد کے لئے کام کررہی ہے ۔ مودی کے لانچ کردہ سوچھ بھارت ابھیان پر نشانہ سادھتے ہوئے شکلا نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہر ایک کے ہاتھ میں جھاڑو تھمادی ہے ہر وزیر کی یہ خواہش ہوگئی ہے کہ میڈیا جھاڑو ہاتھ میں لئے اس کی تصویر اتارے۔ تبدیلی مذہب کے معاملہ پر بولتے ہوئے شکلا نے الزام لگایا کہ یہ بی جے پی کا پھیلایا گیا پروپیگنڈہ ہے جس کا مقصد کسی خاص طبقہ کے ووٹوں کو حاصل کرنا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس نے آگرہ میں تبدیلی مذہب کروایا ۔ دہلی الیکشن پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ہم اچھا پرفارم کریں گے ۔

Modi working on hidden agenda not for development: Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں