کانشی رام کو بھی بھارت رتن سے نوازا جانا چاہئے - مایاوتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-04

کانشی رام کو بھی بھارت رتن سے نوازا جانا چاہئے - مایاوتی

لکھنو
پی ٹی آئی
بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے آج این ڈی اے حکومت پر اٹل بہاری واجپائی اور مدن موہن مالویہ کوبھارت رتن عطا کرنے کے دوران اہم دلت قائدین جیسے کانشی رام کے ساتھ جانبداری برتنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے اہممسائل پر آرڈیننس کا راستہ اختیار کرنے کے سلسلہ میں نریندرمودی حکومت کو نشانہ تنقیدبھی بنایا ۔ مایاوتی نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت کی طرح این ڈی اے حکومت بھی ویسا ہی امتیازی رویہ اختیار کررہی ہے ۔ ایک ہی ذات کے دو افراد واجپائی اور مدن موہن مالویہ کو حال ہی میں بھار ت رتن عطا کیا گیا ہے ۔ کانشی رام کی قربانیوں اور خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں بھی اعزاز عطا کیاجانا چاہئے تھا ۔ اسی طرح جیوتی باپھولے کو جو پسماندہ ذات سے تعلق رکھتے ہیں ، شعبہ تعلیم میں ان کی خدمات اور سماج میں مساوات قائم کرنے اور ان کی کوششوں کے سلسلہ میں ایوارڈ عطا کیاجانا چاہئے تھا۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ دیگر کئی مستحق افراد کو بھی نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ آرڈیننس کا راستہ اختیار کرنے پر مودی حکومت پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ یہ دستور کی روح کے مطابق نہیں ہے ۔ انہوں نے حصول اراضی قانون میں ترمیم کے لئے جاری کئے گئے ایک آرڈیننس کے پس منظر میں یہ بات کہی ۔ یہ آرڈیننس صنعتی راہداریوں ، دیہی انفراسٹرکچر ،دفاع و امکنہ کے لئے اراضی حاصل کرنے اور انشورنس کے شعبہ میں بیرونی سرمایہ کاری کی حدکو موجدوہ26فیصد سے بڑھا کر49فیصد کرنے جاری کیا گیا ہے ۔
اس کے علاوہ کوئلہ کی نیلامی کوعمل میں لانے بھی ایک آرڈیننس جاری کیا گیا ہے ۔ حصول اراضی سے متعلق آرڈیننس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ کسانوں کے مفادات کے مغائر ہے ۔ میں اسے درست نہیں سمجھتی ۔ یہ ترمیمات پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جاسکتی تھیں ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ مودی حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ سرمایہ داروں کے مفادات کا تحفظ کیاجارہا ہے اور اسی کی خاطر دستور کی روح کو پامال کرتے ہوئے قوانین میں ترمیم کی جارہی ہے ۔ مایاوتی نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت سرمایہ داروں کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے اور اب وہ ان کی مدد کے لئے کمر کس چکے ہیں کیونکہ بی جے پی نے ان (سرمایہ داروں) کی مالی مد د اور تمام غلط ہتھکنڈے اختیار کرتے ہوئے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ مایاوتی جنہوں نے بی جے پی سے تعلق رکھنے والی تنظیموں کو بھی نشانہ تنقید بنایا کہا کہ وہ تبدیلی مذہب کامسئلہ اٹھاتے ہوئے اور ہندو راشٹر بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے ایک سازش رچ رہے ہیں۔ مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سات ماہ تک بر سر اقتدار رہنے کے باوجود این ڈی اے کو غریبوں اور کمزور طبقات کے مسائل کے حل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔

Discrimination against Dalits in giving Bharat Ratna: Mayawati

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں