چندرابابو نائیڈو تلنگانہ کا پانی لوٹنے کوشاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-04

چندرابابو نائیڈو تلنگانہ کا پانی لوٹنے کوشاں

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
تلنگانہ کے وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ آندھر ا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو ، پولا ورم پراجکٹ کی بلندی میں مزید 150فٹ کے اضافہ کے ذریعہ دریائے کرشنا میں تلنگانہ کا پانی لوٹنے کی ایک اور سازش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دریائے کرشنا میں تلنگانہ کاجو حصہ ہے ، حکومت اس سے دستبردار ہونے کے لئے ہرگز تیار نہیں ہے ۔ اور وہ اس کے لئے تمام سطحوں پر حکومت آندھرا پردیش کے خلاف جدوجہد کرے گی جس کے لئے نہ صرف مرکزی حکومت سے مداخلت کا مطالبہ کیاجائے گا بلکہ ضرورت پڑنے پر ہم سپریم کورٹ سے بھی رجوع ہوں گے ۔ انہوں نے کہا ہم یہ مسئلہ کرشنا واٹر بچاوت بورڈ سے بھی رجوع کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کرشنا واٹر بورڈ کو بھیجے گئے حکومت آندھرا پردیش کے مکتوب کی سختی سے مخالفت کرتی ہے ۔ واضح ہو کہ حکومت اے پی نے بورڈ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے مزید پ انی کامطالبہ کیا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ وہ انصاف کے لئے مرکزی وزیر آبی وسائل اوما بھارتی سے بھی جلد ملاقات کریں گے ۔ ہریش راؤ نے یہاں سکریٹریٹ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے یہ کہا ۔ انہوں نے کہاکہ انسانی بنیادوں پر حکومت تلنگانہ نے اے پی کے کسانوں کے لئے36ٹی ایم سی پانی جاری کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن حکومت آندھرا پردیش نے اسے قبول کرنے سے انکار کردیا ور اب وہ اسی پانی کی تقسیم پر تنازعہ پیدا کررہی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت آندھرا پردیش ، آبپاشی کے لئے زیادہ سے زیادہ پانی حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ کسانوں کے لئے مسائل کھڑے کررہی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ آندھر اپردیش نے ضلع کھمم کے لوورسائیلیر و کے سات منڈل ہتھیالیے اور اب برقی پراجکٹ میں ہمیں اپنا حصہ دینے سے انکار کررہی ہے کیونکہ وہ بھدرا چلم کی مزید اراضی پر نظر جمائے بیٹھی ہے ۔ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ حکومت آندھرا پردیش اسے مختص کردہ152ٹی ایم سی پانی کے برعکس155ٹی ایم سی پانی حاصل کرچکی ہے اور وہ موسم ربیع کے لئے مزید26ٹی ایم سی پانی مانگ رہی ہے ، حالانکہ تلنگانہ حکومت نے تا حال صرف117ٹی ایم سی پانی کاہی استعمال کیا ہے ، جب کہ ہمیں229ٹی ایم سی پانی مختص کیا گیا تھا ۔ ہریش راؤ نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ حکومت آندھرا پردیش آبی مسائل کی یکسوئی کے لئے منعقد ہونے والے اجلاس جان بوجھ کر ملتوی کررہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مختص کردہ مقدار سے زائد پانی حاصل کرنے کے باوجود حکومت آندھر اپردیش آنے والے موسم خریف کے لئے41ٹی ایم سی اورپھر اس کے بعد ربیع سیزن کے لئے 155ٹی ایم سی پانی کا مطالبہ کررہی ہے ۔

Harish Rao slams AP CM Chandrababu Naidu over Water problem in Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں