اوباما کے دورہ کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان - بائیں بازو جماعتیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-04

اوباما کے دورہ کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان - بائیں بازو جماعتیں

نئی دہلی
یو این آئی
بائیں بازو کی6جماعتیں امریکی صدر بارک اوباما کے دورہ ہند سے قبل24جنوری کو ملک بھر میں مظاہرے منظم کرے گی تاکہ ہندوستان کے داخلی امور میں امریکہ کی مداخلت اور بی جے پی زیر قیادت حکومت کی موافق امریکہ پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا جاسکے۔ ان جماعتوں کا کل یہاں اجلاس منعقد ہوا جس میں3بنیادی نعروں پر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا جن میں’’ مغری ایشیا اور دیگر علاقوں میں امریکی جارحیت بند کرو ، ہندوستان کے داخلی و گھریلو معاملات میں مداخلت بند کرو اور ہند۔ امریکہ دفاعی اشتراک کو روکا جائے ۔‘‘ شامل ہیں۔ سی پی آئی ، سی پی آئی ایم، سی پی آئی ایم ایل(لبریشن) اے آئی ایف بی ، ایس یو سی آئی(سی) اور آر ایس پی کے ایک مشترکہ بیان میں نریندر مودی حکومت پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ موافق امریکہ خارجہ پالیسی پر عمل کررہی ہے جوآزادانہ و غیر جانبدارانہ خارجہ پالیسی کے برعکس ہے ۔ ہندوستانی اور بیرونی سرمایہ داروں کے مفاد میں ایسا کیاجارہا ہے ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ اوباما کو یوم جمہوریہ تقاریب میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی ستم ظریقی ہے کہ جو دن ہندوستان کی آزادی و خود مختاری کی علامت ہے اسی دن ایک ایسے ملک کے سربراہ کو مہمان خصوصی بنایاجارہا ہے جس نے دنیا بھر کے کئی ممالک کی خود مختاری کو تباہ کرنے حملے کیے ہیں ۔ صدر اوباما خود لیبیا میں جارحیت اور عراق میں بمباری و فوج کو واپس وہاں بھیجنے کے ذمہ دار ہیں۔ امریکہ سیریا کے قومی وجود کو تباہ کرنے ہر ممکن کوشش کررہا ہے ۔ اس بیان پر ان جماعتوں کے سرکردہ قائدین نے دستخط کیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ وہ مزید10سالوں کے لئے ہند۔ امریکہ دفاعی فریم ورک معاہدہ کی تجدید کے فیصلہ کے خلاف احتجاج کررہے ہیں ۔

Left parties to stage protests ahead of Obama's visit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں