سرحد پر فائرنگ سے متعلق پاکستان کے دعوے مسترد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-04

سرحد پر فائرنگ سے متعلق پاکستان کے دعوے مسترد

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے قومی سلامتی اور امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز کو ؒ خط لکھ کر پاکستان کی طرف سے کیے گئے مطالبات اور دعوؤں کو مسترد کردیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سشما سوراج نے اپنے خط میں وضاحت کی ہے کہ31دسمبر کو بی ایس ایف کے گشتی دستہ پر معمول کے گشت کے دوران پاکستانی سرحدی چوکی سے گولیاں چلائی گئیں جس میں ایک جوان شہید ہوگیا اور دیگر بری طرح زخمی ہوگئے ۔ وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ ہندوستانی فوج کی طرف سے دفاع میں کی جانے والی فائرنگ کے جواب میں پاکستان کی طرف سے جدید ہتھیاروں سے گولہ باری کی جاتی ہے ۔ اتنا ہی نہیں پاکستانی فوج دوسرے علاقوں میں بھی گولہ باری شروع کردیتی ہے ساتھ ہی رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بناتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان مسلسل پاکستان کو یہ پیغام دیتا رہاہے کہ اگر وہ ہندوستان کی سرحد ی چوکیوں پر گولہ باری بند کر دے تو ہندوستانی فوج بھی فوری طور پر جوابی کارروائی بند کردے گی ۔ بد قسمتی سے پاکستانی فوج ہندوستان کے اس مشورہ کر نظر انداز کرتی رہی ہے ۔

اس سے قبل اسلام آباد سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب پاکستان نے ہندوستان کو آج دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرحد پارفائرنگ میں اس کے سپاہیوں کی ہلاکت کا جواب دیاجائے گا۔ وزیر دفاع پاکستان خواجہ آصف نے پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اب انہیں اسی زبان میں کہنا ہوگا جو وہ سمجھتے ہیں۔ گزشتہ6تا7ماہ کے دوران ہم نے ہندوستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر رکھنے کی بہت کوشش کی تاکہ امن برقرار رہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ اس زبان کو سمجھنے سے قاصر ہیں ۔ انہوں نے سخت لب و لہجہ میں کہا’’ میں سمجھتا ہوں کہ اب ہمیں وہ زبان اختیار کرنا پڑے گی جو وہ سمجھتے ہیں ۔ آصف کے ریمارک ایسے وقت سامنے آئے ہں جب کہ31دسمبر بی ایس ایف کی فائرنگ میں پاکستانی رینجرس کے چار سپاہی ہلاک ہوگئے ۔ ہندوستانی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے ضلع سامبا میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی رینجرس کی بل اشتعال فائرنگ کے جواب میں یہ فائرنگ کی گئی۔ پاکستانی رینجرس کی اس فائرنگ میں بی ایس ایف کا ایک جوان ہلاک ہوگیا۔ خواجہ آصف نے آج میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ کل کے واقعہ کے ایک دن بعد فوج کی جانب سے ہر سطح پر بات چیت کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد رینجرس اور بی ایس ایف کی سطح پر بھی یہ مسئلہ اٹھایا گیا اور ڈی جی ایم او کی سطح پر بھی بات چیت کی گئی۔ سفارتی ذرائع سے بھی مسئلہ کی یکسوئی کی کوشش کی گئی ۔ وزیر دفاع پاکستان کا دعویٰ ہے کہ سر حد پار فائرنگ کے مسئلہ پر ہر ممکنہ سطح پر بات چیت کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔

India Dismisses Pakistan's Allegations on Cross-Border Firing

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں