اسلام کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے جوڑنا غلط - امریکی وزیر خارجہ جان کیری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-25

اسلام کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے جوڑنا غلط - امریکی وزیر خارجہ جان کیری

ڈاؤس
رائٹر
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ پر تشدد انتہا پسندی ، دنیا کے لئے سنگین خطرہ کا باعث بنی ہوئی ہے ، جس کا مقابلہ مل کر ہی کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے یہاں اپنے خطاب میں واضح کیا کہ اسلام ایک پر امن مذہب ہے اور یہ بات صریحاً غلط ہوگی کہ دہشت گردی اور پر تشدد انتہا پسندی کے لئے اسلام کو قصور وار ٹھہرایاجائے ۔ انہوں نے یہ بات ڈاؤس میں ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کیری نے کہا کہ مذہب اسلام ، امن اور سلامتی کا درس دیتا ہے جب کہ دہشت گردی یا پر تشدد انتہا پسندی چند اراد کا قبیح ذاتی فعل ہے ، یہ ذاتی عناصر ہی ہیں جو مذہب کا نام لے کر دنیا میں تباہی، قتل عام اور بربادی پھیلارہے ہیں ، جس کی مذہب ہرگز اجازت نہیں دیتا ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے پاکستان و افغانستان میں طالبان اور شدت پسند کارروائیوں کا خصوصی طور پر ذکر کیا ۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ داعش خلافت کی دعویددار ہے اور ہلاکتوں کے عمل میں پیش پیش ہے ۔ اسی طرح بوکو حرام دہشت گردی اور قتل عام کا بازار گرم کئے ہوئے ہے ، ساتھ ہی متعدد دہشت گرد دھڑے دنیا کے کئی مقامات پر سر گرم عمل ہیں ، اور ان کے پاس جدید اسلحہ ، تربیت یافتہ لڑاکا فورس اور بے تحاشہ مالی وسائل ہیں جن کا عالمی برادری مل کر ہی مقابلہ کرسکتی ہے ۔ کیری نے اس موقع پر اعلان کیا کہ18فروری کو صدر بارک اوباما نے واشنگٹن میں ایک بین الاقوامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں انسداد دہشت گردی اور پر تشدد انتہا پسندی کے ساتھ جاری لڑائی کو مزید موثر بنانے کی ضروری حکمت عملی پر غور ہوگا اور اسے ترتیب دینے کے لئے سفارشات پیش ہوں گی اور ایک عالمی اعلامیہ جاری ہوگا ۔ جان کیری نے کہا کہ امریکہ کی قیادت میں داعش کے خلاف لڑائی میں 60ممالک کا بین الاقوامی اتحاد شریک ہے جس کی تشکیل6ستمبر کو ہوئی اور جس میں بڑی تعداد اسلامی ممالک کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے خلاف عراق اور شام میں اب تک 2000سے زائد فضائی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں ۔ کیری نے مزید کہا کہ ایبولا، ایڈس اور دوسری مہلک بیماریوں کی طرح داعش اور بوکو حرام کی پرتشدد انتہا پسندی صرف متعلقہ ممالک یا امریکہ کے لئے ہی مضر نہیں بلکہ عالمی برادری کے لئے بھی شدید ترین خطرہ کا باعث ہے ۔

John Kerry said it would be a mistake to link Islam to criminal conduct

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں