سوائن فلو پر تلنگانہ میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-21

سوائن فلو پر تلنگانہ میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس

حیدرآباد
یو این آئی؍ پی ٹی آئی
تلنگانہ میں نئے سال کے آغاز کے بعد تا حال27افراد کو سوائن فلو سے قرار دیا گیا اور وہ گاندھی ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں جب کہ 35ایسے افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن پر سوائن فلو سے متاثر ہونے کا شبہ ہے ۔ ان کے خون کے نمونے ، لیباریٹری کو روانہ کردیے گئے ہیں ۔ گاندھی ہاسپٹل میں سوائن فلو کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر کے نرسمہلو نے بتایا کہ مختلف خانگی دواخانوں میں آج سوائن فلو کے مزید4مریضوں کو گاندھی ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا ہے ۔ کل تک ہمارے پاس23مریض زیر علاج تھے جو سوائن فلو سے متاثر تھے ۔ آج ہمیں مزید4مریضوں کو شریک کرنا پڑا ۔ اسی دوران35مریض ایسے بھی دواخانہ میں شریک ہیں جن پر سوائن فلو سے متاثر ہونے کا شبہ ہے۔ ان میں10بچے شامل ہیں ۔ تمام کو نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جنوری کے بعد سے تلنگانہ میں اب تک7افراد مہلک وائرس کا شکار ہوچکے ہیں ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کا ماننا ہے کہ سوائن فلو کی وبا اس سال اتنی خطرناک نہیں ہے ۔ جتنی2009ء میں دیکھی گئی تھی ۔ اس مرتبہ ایسے لوگوں کو سوائن فلو کے لئے غیر محفوظ بتایا گیا ہے جو پہلے سے مختلف عوارض کا شکار ہے اور جو کمزور قوت مدافعت کے حامل ہیں۔ ان لوگوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
گزشتہ سال تلنگانہ اور آندھر اپردیش میں سوائن فلو کے88معاملات درج کئے گئے تھے جب کہ11افراد فوت ہوئے ۔ اسی دوران حکومت تلنگانہ کے چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے ریاست میں سوائن فلو کی بڑھتی وبا پر آج ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس میں محکمہ صحت و طبابت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ گاندھی ہاسپٹل کے ڈاکٹرس نے شرکت کی ۔ واضح ہو کہ ریاست کے مختلف حصوں میں سوائن فلو کے معاملات مسلسل درج کئے جارہے ہیں کیونکہ کئی افراد اس وائرس سے متاثر ہورہے ہیں ۔ اس کے علاوہ مہلک وائرس سے فوت ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھتی جارہی ہے ۔ صرف شہر میں دسمبر2014ء اور جاریہ ماہ کے درمیان 8افراد کی موت واقع ہوگئی ہے۔ حیدرآباد اور رنگار یڈی ضلع میں یکم اور19جنوری کے درمیان سوائن فلو کے97معاملات ریکارڈ کئے گئے ۔ ڈاکٹرس کے بموجب سنکرانتی تہوار اور مقبول عام نمائش کے دوران بڑے پیمانے پر ایک جگہ ہجوم کے اکٹھا ہونے کے باعث وائرس کو پھیلنے میں مدد ملی ۔ اس کے علاوہ ایک مقام سے دوسرے مقام کو بھاری تعداد میں لوگوں کے سفر کی وجہ سے بھی سوائن فلو پھیل رہا ہے ۔

Kcr Review Meeting On Swine Flu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں