متحرک گجرات چوٹی کانفرنس - بان کیمون اور جان کیری کے خطاب کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-08

متحرک گجرات چوٹی کانفرنس - بان کیمون اور جان کیری کے خطاب کا امکان

سکریٹری جنرل اقوام متحدہ بان کیمون اور امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری 11تا13جنوری گاندھی نگر میں منعقد ہونے والی متحرک گجرات چوٹی کانفرنس(سمٹ) میں مبسوط ترقی کے نظریہ کو فروغ دینے کے لئے اظہار خیال کریں گے ۔دونوں قائدین کے ترجمانوں نے آج علیحدہ علیحدہ پریس کانفرنسوں میں یہ بات بتائی ۔ بحیثیت سکریٹری جنرل اقوام متحدہ بان کیمون کا یہ چوتھا دورہ ہند ہوگا ۔ بان کیمون نے اپنے بین الاقوامی کیرئیر کا آگاز1972ء میں نئی دہلی میں جنوبی کوریائی سفارت خانہ کے ایک سفارتی عہدیدار کی حیثیت سے کیا تھا ۔ ان کے فرزند وو ، ہیون ہندوستان میں پیدا ہوئے ۔ بان کیمون، ایک ہندوستانی شہری سدھارتھ چٹرجی کے خسر بھی ہیں ۔ چٹر جی نے بان کیمون کی دختر ہیون ہی بان سے شادی کی ہے ۔ بان کیمون ، متحرک گجرات چوٹی کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر کلیدی خطبہ دیں گے اور ہندوستان و نیز عالمی سطح پر ہمہ گیر اور مبسوط ترقی کی ضرورت پر زور دیں گے ۔ اس چوٹی کانفرنس میں عالمی قائدین شرکت کرنیو الے ہیں ۔ بان کیمون کے ترجمان نے یہاں اخبار نویسوں کو بتایا کہ متحرک گجرات چوٹی کانفرنس میں پالیسی ساز شخصیتیں،ممتاز تاجرین کے نمائندے اور ماہرین تعلیم شرکت کریں گے ۔ واشنگٹن میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان جین ساکی نے بتایا کہ’’ جان کیری اس اہم رول پر روشنی ڈالیں گے جو امریکی ٹکنالوجی ، ہندوستان بھر میں اور انڈو، پیسفک علاقہ میں مبسوط معاشی ترقی کے لئے ادا کرتی ہے ۔‘‘کیری دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو مستحکم کرنے پر بھی اظہار خیال کریں گے ۔ ’’ یہ پہلا موقع ہے کہ امریکہ ایک شریک ملک کی حیثیت سے مذکورہ چوٹی کانفرنس میں شریک ہونے والا ہے ۔‘‘ بان کیمون کے ترجمان نے بتایا کہ بان کیمون، نئی دہلی کا بھی دورہ کریں گے اور صدر جمہوریہ پرنب مکرجی ، وزیر اعظم نریندر مودی وزیر خارجہ سشما سوراج اور نوبل انعام یافتہ کیلاس ستیارتھی سے بھی ملاقات کریں گے ۔ مہاتما گاندھی کا سابر متی آشرم بھی با ن کیمون کے دورہ گجرات کے مقامات میں شامل ہے ۔

Ban Ki-moon. Kerry to promote sustainable development at Gujarat summit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں