جنتا پریوار کو متحد کرنے کے لئے کوششیں تیز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-11

جنتا پریوار کو متحد کرنے کے لئے کوششیں تیز

نئی دہلی
پی ٹی آئی
جنتادل متحدہ کے لیڈر نتیش کمار نے آج دعویٰ کیا کہ جنتا پریوار سے الگ ہوکر بنی مختلف جماعتوں کے انضمام کا کام صحیح سمت میں چل رہا ہے ۔ انہوں نے یہ دعویٰ آج سماجوادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو سے ملاقات کے بعد کیا ، جہاں آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو بھی موجود تھے ۔ میٹنگ میں مجوزہ تنظیم کے پرچم اور نشان کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس میٹنگ میں جے ڈی یو لیڈر شرد یادو بھی موجود تھے ۔ نتیش نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا کہ انضمام کے ذریعے بی جے پی کا مقابلہ کرنے کی ان کی منصوبہ بندی پر اثر پڑا ہے ۔ نتیش نے اس میٹنگ کو غیر رسمی قرار دیتے ہوئے کہا،’’ہم نے اپنی پارٹیوں کا انضمام کرنے کے بارے میں ایک فیصلہ پہلے ہی کرلیا تھا اور ملائم سنگھ جی کو یہ تجویز آگے بڑھانے کے لئے اختیار دیا گیا ہے ۔ہماری آج اس سلسلے میں ملاقات ہوئی ، وہ اس بارے میں دیو گوڑا اور انڈین نیشنل لوک دل کے لیڈروں سے بات کریں گے اور ہماری ایک رسمی میٹنگ ہوگی ۔ دیو گوڑاجنتادل ایس کے سربراہ ہیں۔ نتیش نے کہا کہ انہوں نے نریندر مودی حکومت کے آرڈیننس راج کے خلاف ان کے ممکنہ مشترکہ احتجاج کے خاکہ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
اس طرح کی بھی تجویز ہے کہ پانچ جماعتوں کے وسیع انضمام سے پہلے جے ڈی یو اور آر جے ڈی کا الحاق ہوسکتا ہے کیونکہ طویل تاخیر ہونے سے بہار میں ان کے مفادات پر منفی اثرات پڑ سکتا ہے ، بہار میں اس سال کے آخر میں انتخابات ہونے والے ہیں ۔ ایس پی حکومت والی ریاست اتر پردیش میں2017میں انتخابات ہوں گے ۔ آر جے ڈی لیڈر لالو پرساد نے کہا کہ ایس پی سربراہ اس انضمام کے بارے میں جلد ہی فیصلہ کریں گے ۔ انہوں نے بی جے پی حکومت پر ان کے پورے نہیں کئے گئے وعدوں کو لے کر حملہ کیا اور الزام لگایا کہ حکومت لوگوں کو ٹھگ رہی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں