انسداد دہشت گردی تعاون - ہند امریکہ معاہدہ کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-11

انسداد دہشت گردی تعاون - ہند امریکہ معاہدہ کا امکان

نئی دہلی
یو این آئی
صدر امریکہ بارک اوباما کے مجوزہ دورہ ہند کے دوران انسداد دہشت گردی میں تعاون کو ایک نئی قوت حاصل ہوگی ۔ اوباما26جنوری کو دہلی میں جشن جمہوریہ پریڈ کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ دونوں ممالک، دہشت گردوں کی فہرست کے تبادلہ کا میکانزم وضع کرنے تیزی سے قدم اٹھار ہے ہیں ۔ ایسی فہرست کا تبادلہ، مستقبل میں دہشت پسندانہ اقدامات کو روکنے میں اہم سمجھاجارہا ہے ۔ اس سلسلہ میں دونوں ممالک کے درمیان پہلے ہی سے قریبی تعاون جاری ہے ، البتہ دہشت گردوں کی فہرست کے تعلق سے معاہدہ(پروٹوکول) ابھی تک نہیں ہوا ہے۔ دہشت گردوں کی فہرستوں کے تبادلہ کو حکومت امریکہ، انسداددہشت گردی کا ایک موثر اقدام سمجھتی ہے ۔ اوباما کے مجوزہ دورہ کے موقع پر مجوزہ پروٹوکولس(معاہدات) پر دستخط یقینی معلوم ہوتے ہیں ۔ انسٹی ٹیوٹ فارڈیفنس اسٹڈیز اینڈ انا لیسس( آئی ڈی ایس اے) کے ڈاکٹر سنجیو کمار کا کہنا ہے کہ مذکورہ پروٹوکولس پر دستخط، دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی جانب ایک قدم ہے ۔ یہ قدم ایک ایسے وقت اٹھایاجارہا ہے ، جب ریاڈ یکل اسلام پسند تنظیموں نے ہندستان اور اس کے توسیع شدہ پڑوس کو دھمکیوں میں شدت پیدا کردی ہے ۔ افغانستان سے امریکی فورسس کے مقررہ تخلیہ اور طالبان و نیز القاعدہ جیسے دہشت گرد گروپوں کو مزاحمت میں امکانی کمزوری اور آئی ایس آئی ایس گروپ کے ابھرنے سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے اقدامات کو مستحکم کرنے کی فوری ضرورت اور بھی بڑھ گئی ہے ۔ اوباما اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان بات چیت کے دوران سائبر سیکوریٹی پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ انسداد دہشت گردی میں سائبر سیکوریٹی کا بھی اہم رول ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ4ماہ قبل ہی نریندر مودی نے امریکہ کاد ورہ کیا تھا ، اوباما وہ پہلے صدر امریکہ ہیں جو دوسری بارہندوستانی کا دورہ کرنے والے ہیں ۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری پہلے ہی ہندوستان میں ہیں اور اوباما کے دورہ سے متعلق مسائل اور مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کررہے ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں