جموں و کشمیر میں پاکستانی سپاہیوں کی فائرنگ - 2 جوان ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-04

جموں و کشمیر میں پاکستانی سپاہیوں کی فائرنگ - 2 جوان ہلاک

سرینگر؍جموں
پی ٹی آئی
جموں و کشمیر میں مختلف مواضعات اور سیکوریٹی چوکیوں پر کل رات سے پاکستانی سپاہیوں کی فائرنگ میں ایک خاتون اور2فوجی جوان ہلاک ہوگئے جب کہ11افراد زخمی ہوگئے ۔ اس واقعہ کے بعد سے بعض سرحدی علاقوں سے سینکڑوں افرا دنقل مقام کرنے لگے ۔ فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری رہا ۔ پاکستانی سپاہیوں نے کل رات راکٹ سے داغے گئے گرینیڈس برساتے ہوئے کنہیا چوکی کے قریب خط قبضہ پر لڑائی بندی کی خلاف ورزی کی ۔ پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ یہ واقعہ تنگدھر علاقہ میں پیش آیا ۔ فوج نے ایک ایف آئی آر درج کرایا ۔ اس دوران مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہندوستان کی جانب سے دوستی کا ہاتھ بڑھائے جانے کے باوجود سرحدی علاقوں کو بار بار نشانہ بنارہا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پاکستانی سپاہیوں کی فائرنگ سے3اموات ہوئیں ۔ چوکی کے قریب ڈیوٹی پر متعین ایک بی ایس ایف جوان بھی زخمی ہوا ۔ بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی سپاہیوں نے مواضعات اور13سرحدی چوکیوں پر اضلاع کٹھوعہ اور سامبا میں بھاری مارٹر اور گولہ باری کی۔ ایک خاتون ہلاک اور8افراد زخمی ہوگئے ۔ گولہ باری کے سبب مواضعات میں دہشت پھیل گئی اور لوگ نقل مکانی کرنے لگے ۔ سامبا اور کٹھوعہ کے قصبات سے زائد از1400افراد کا تخلیہ کرادیا گیا۔ بارڈر سیکوریٹی فورس کے انسپکٹر جنرل راکیش شرما نے بتایا کہ’’پاکستانی سپاہیوں نے کل رات9:30بجے سے اضلاع سامبا اور کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد پر چوکیوں اور سیویلین علاقوں پر بلا اشتعال زبردست فائرنگ کی اور مارٹربرسائے ۔ بی ایس ایف کے سپاہیوں نے منہ توڑ جواب دیا ۔ فائرنگ کا تبادلہ آج علی السبح 3بجے ختم ہوا لیکن پاکستان نے آج صبح 7بجے سے سیویلین علاقوں پر فائرنگ اور مارٹر برسانا پھر شروع کردیا۔
سامبا کے 3بٹالین علاقوں اور کٹھوعہ میں ہیرانگر سب سیکٹرس میں تمام سرحدی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا ۔ موضع مگنو چک میں ہلا ک خاتون کی شناخت ٹوری دیوی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔4سیویلین بھی زخمی ہوگئے ۔ ایس ایسپی ضلع سامبا انیل مگوترا نے یہ بات بتائی ۔ بی ایس ایف کے انسپکٹر جنرل نے سرحدی عوام سے تخلیہ کے لئے مشاورتی نوٹ جاری کیا ہے ۔ مگوترا نے بتایا کہ فائرنگ میں متعدد مکانات کو شدید نقصان پہنچا اور چند مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔ تخلیہ کے لئے بسوں کو تیار رکھاگیا ہے ۔ ہم فائرنگ اور گولہ باری رکنے کا انتظار کررہے ہیں تاکہ عوام کو محفوظ مقامات میں واقع کیمپوں میں منتقل کیا جائے ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے بنکروں میں پناہ لے رکھی ہے اور باہر نہیں نکل رہے ہیں ۔ سال نو کے موقع پر پاکستان کی طرف سے شروع کردہ فائرنگ میں2افراد بشمول ایک بی ایس ایف جوان ہلاک اور9افراد زخمی ہوئے تھے جب کہ ہندوستان کی جوابی فائرنگ میں پانچ پاکستانی رینجرس بھی ہلاک ہوئے تھے ۔ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے نئی دہلی میں راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان لڑائی بندی کی خلاف ورزیاں روک دے۔ انہوں نے حیرت ظاہر کرتے ہوئے پوچھا کہ ہر بار بری طرح نقصان ہونے کے باوجود پاکستان، لڑئی بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کیوں کررہا ہے ۔‘‘ ہم نے وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کو مدعو کرتے ہوئے ایک شروعات کی تھیں۔ مودی نے نواز شریف سے مصافحہ کرتے ہوئے نہ صرف دوستی کا پیشکش کیا بلکہ دلوں کو بھی متحد کرنے کی امید ظاہر کی ۔

Ceasefire violations: Pakistan firing kills 3 in J&K, triggers migrations

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں