غریبوں کے لئے کام کرنے کے سبب میری ذات نشانہ - وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-30

غریبوں کے لئے کام کرنے کے سبب میری ذات نشانہ - وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی

کولکاتا
یو این آئی
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کو مرکزی حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اور کچھ سیاسی جماعت اور طاقتور طبقہ ان کے خلاف اس لئے ہے کہ ان کی حکومت کی پالیسیاں غریبوں کے مفادات کو پیش نظر رکھ کر بناتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ طاقتور طبقے کے اشاروں پر میڈیا میری اور پارٹی کے خلاف کردارکشی پر مبنی مہم چلارہی ہے ۔ بنگال حکومت کے زیر اہتمام کسانوں کے لئے ماٹی میلہ کے افتتاحی تقریب میں30منٹ کی طویل تقریر میں ممتا بنرجی نے کسی بھی سیاسی جماعت کا نام لیے بغیر مرکزی حکومت کی غریب مخالف پالیسیوں کی تنقید کرتے ہوئے صنعت کاروں سے اپیل کی کہ وہ کسی کی سنے کے بغیر ریاست میں بلا خوف سرمایہ کاری کریں۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت کے خلاف سیاسی مہم تیز کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت غریب پرور پالیسی کی وجہ سے ان کے اور دولت مندوطاقتور طبقہ کے درمیان ایک پل کھڑا کردیا ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں مسلسل غیر منصفانہ سلوک اور ان گالیوں کا سامنا کررہی ہوں کیونکہ میں نے ان لوگوں کے مفادات کوتحفظ کرنے سے انکار کردیا جو پہلے سے ہی محفوظ تھے اور ان کی حالت مستحکم تھی تو میں ان کی نگاہ بہت ہی اچھی رہتی مگر میں نے ایسا کرنے سے انکار کردیا اور غریب لوگوں کے مفادات سے سمجھوتہ نہیں کیا۔ اس لئے میں ان کے نشانہ پر ہوں لیکن میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں اس پالیسی سے دستبردار نہیں ہوسکتی ہوں۔ مرکزی حکومت کی کڑی تنقید کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ مجھے غریب نوازی کی وجہ سے ہدف تنقید بنایاجارہا ہے مگر غریبوں کو نہیں چھوڑوں گی ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک کے قانون ساز غریبی سطح سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی حالت زار پر توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔ مرکزی حکومت نے100دن روزگار کے اسکیم میں کٹوتی کردی ہے اس کی وجہ سے مغربی بنگال کے غریب افراد کافی مشکلات کا سامنا ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ کوئی بھی حکومت غریبوں کو نظر انداز کرکے اچھی حکمرانی نہیں کرسکتی ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں ایک طرف ریاست میں سرمایہ کاری کے لئے کوشش کررہی ہوں تو دوسری طرف غریبوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کررہی ہوں مگر غریبوں کی قیمت پر سرمایہ کاری نہیں ہونے دیں گے ۔ غریبوں کے مفادات کو پیش نظر رکھ کر ہی میں کام کروں گی ۔ صنعت کاری اس لئے ضروری ہے اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور لوگوں کی مالی تنگی ختم ہوگی۔
ماٹی اتسو سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ دہلی کے اشارے پر بنگال کی چند میڈیا ہاؤسیس میرے خلاف مہم چلارہی ہے مگر میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ میرا صبرمیری کمزوری نہیں ہے ۔ بنگال کی توہین کرنے والوں کو یہاں کے عوام معاف نہیں کریں گے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں عوام کے لئے کام کرتی ہوں چونکہ عوام نے ہی مجھے ووٹ کے ذریعہ اقتدار تک پہنچایا ہے ۔ میں ان کے سامنے جواب دہ ہوں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں پورے ریاست کا دورہ کررہی ہوں اور ترقیاتی پروجیکٹ کا جائزہ لیتی ہوں اور عوام کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کرتی ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ ریاست آج ترقی کے مراحل طے کررہا ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاست کی آمدنی21000کروڑ سے بڑھ کر40000کروڑ ہوگئی ہے جب کہ سی پی ایم نے قرض کا بوجھ ہمارے لئے چھوڑا تھا ۔ ممتا بنرجی نے اپنی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں2.4لاکھ کروڑ روپیہ کی سرمایہ کاری ہورہی ہے ۔ اس کی وجہ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ10لاکھ نوجوانوں کو ٹریننگ دی جارہی ہے ۔ ممتا بنرجی نے ایک بار پھر کہا کہ ریاست میں جبراً حصول اراضی کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ صنعت کاروں کے لئے ہماری زمین بینک ہے ۔

آسنسول میں صنعتی و تجارتی میلہ کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی تقریر
دریں اثنا آسنسول سے ایس این بی (رپورٹ: وجیہ الدین جمال) کی علیحدہ خبر کے بموجب وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آسنسول پولو گراؤنڈ میں تیسرے آسنسول صنعتی و تجارتی میلہ کا افتتاح شمع روشن کر کے کیا اور اپنی تقریر میں صنعتی و تجارتی لوگوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو بتایا کہ وقت کی قیمت کو سمجھیں اور کہا کہ جو وقت کی پابندی کرتا ہے وہی ترقی کی بلندیوں کو چھوتا ہے ۔ اور مناسب وقت پر کیا گیا کام ہی مناسب ہوتا ہے۔ آسنسول چیمبر اف کامرس کے سربراہ سبرتودتہ نے ان کا استقبال کرتے ہوئے افتتاحی تقریر کی اور شکریہ ادا کیا کہ دو ماہ قبل آسنسول میلہ میدان میں وزارت محنت کے زیر اہتمام مزدور میلہ میں انہوں نے اس صنعتی و تجارتی میلہ کے افتتاح کی منظوری دی تھی ۔ اس کے بعد مہمان خصوصی ممتا بنرجی مائک پر آئیں اور اپنے نصف گھنٹہ کی تقریر میں کہا کہ صنعت کے سلسلہ سے مغربی بنگال میں بیشتر مواقع ہیں ۔ ان مواقع اور سرکار سہولتوں کا فائدہ اٹھائیں اور زیادہ سے زیادہ صنعت بنگال میں لگائیں ۔ ممتا بنرجی نے اپنی تقریر میں اپنی حکومت کی ساڑھے تین سالہ کارکردگی صنعت و تجارت کے سلسلہ میں بیان کی اور کروڑوں روپے کی صنعت لگانے ، آئی ٹی ہب،101عدد آئی آئی ٹی ادارے،42عددپولی ٹکنک،9عدد یونیورسٹی ، 31عدد کالجوں کے قیام کی تفصیلات کو بیان کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے انتخابی منشور کے حوالہ سے کہا کہ اس میں5برسوں میں50ہزار تالاب کی کھدائی کا وعدہ کیا تھا ۔ اب تک ساڑھے تین برسوں میں ڈیڑھ لاکھ کھدائی کی گئی ۔ انہوں نے ریاست کی کنیا شری اسکیم میں پورے ملک میں اول مقام پانے کو اپنی کارکردگی
میں شمار کرایا ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ مرکز کی حکومت پورے ملک کی تمام ریاستوں اور یونین ٹریٹری کو لے کر بیٹی پڑھاؤ، بیٹی بچاؤ اسکیم کے تحت صرف 100کروڑ روپے مختص کئے ہیں جب کہ ان کی ریاستی حکومت نے کنیا شری اسکیم کے لئے ایک ہزار کروڑ روپے مختص کئے ہیں اور ساڑھے تین سال کی قلیل مدت میں22لاکھ لڑکیوں کو اس اسکیم سے نیٹ کے ذریعہ جوڑ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ341عدد کسان بازار ریاستی حکومت قائم کررہی ہے جہاں کولڈ اسٹوریج سے لے کر تمام سہولتیں میسر ہوں گی ۔ نریگا کے سلسلہ سے بردوان ضلع کو صد فیصد مرکزی حکومت نے قرار دیا ہے اور مرکز100دن روزگار کے لئے شیئر نہیں دے رہا ہے ، اس کے باوجود بردوان ضلع کی کامیابی کو ممتا بنرجی نے قابل فخر قرار دیا۔
ممتا بنرجی نے اپنی تقریر میں آسنسول ، بردوان ، بانکوڑہ ، پرولیا کے سلسلہ سے ہزاروں کروڑوں کی اسکیم اور منصوبوں کا شمار کرایا ۔ اس کے ساتھ دیوچا پچمی کول بلاک کو جاری کرنے کے سلسلہ سے جانکاری دی جس سے مغربی بنگال کے علاوہ بہار ، جھار کھنڈ اور دوسری ریاستوں میں کوئلہ کی سپلائی ہوگی ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں 12ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے ذریعہ16ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی بات کہی ۔ آسنسول میں سیل، آئی آئی ایس سی او، کول انڈیا ، درگا پور اسٹیل پلانٹ کو صنعتی اداروں کا مرکز قرار دیا اور انڈال کے مجوزہ ایئر پورٹ کو جنوبی بنگال کو ملک کی دوسری ریاستوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی لنک کا ذریعہ قرار دیا ۔ درگا پور اسٹیل پلانٹ کی توسیع کے منصوبہ کے متعلق بھی ہزاروں کروڑ روپے کی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی بات کہی ۔ 3200کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے بین اضلاع متوازی سڑک کی تعمیر کے منصوبہ کو بیان کیا ۔ اربن سیٹی پروجیکٹ کے منصوبہ کی تفصیلات کو بیان کیا ۔ اور اسٹار ، گولڈ اور پلاٹین شہروں کی تعمیر کا منصوبہ بیان کیا ۔ زمین کے سلسلہ سے یونک کلیئرنس سسٹم نافذ کرنے اور رائٹ ٹو سرو س ایکٹ پاس کرنے عام لوگوں کو سرکاری سہولتوں کی فراہمی کی جانکاری دی ۔ ریاست میں42عدد سوپر اسپیشلیٹی اسپتال کے قیام کی تفصیلات کو بیان کیا ۔ آسنسول کو ہیلتھ ڈسٹرکٹ قرار دینے کی بات کہی ۔ کام کرنے کے طریقہ کے سلسلہ سے ایڈ منسٹر یٹیو کلنڈر کے تحت کام کرنے کی بات کو بتایا ۔ تکنیکی اداروں میں مفت ٹریننگ ، لڑکیوں کے لئے متعدد مصروفیات کے منصوبوں کو بیان کیا اور سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں ان کو ضم کرانے کی تدابیر کو بیان کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر مالیات امیت مترا ، سبرتو مکھرجی ، وزیر محنت ملئے گھٹک ، بردوان، بانکوڑہ ، آسنسول سب ڈویزن کے تمام ایل اے وغیرہ سمیت انتظامیہ اور پولیس کے افسران موجود تھے ۔ آسنسول کے صنعتی و تجارتی میلہ میں300اسٹال لگائے گئے ہیں جس میں حکومت کے ادارے اور بین الریاستی اور بین الاقوامی ادارے بھی شامل ہیں ۔

I am targeted because I speak for the poor: Mamata

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں