حیدرآباد میونسپل کارپوریشن 20 ہزار کروڑ کا بجٹ پیش کرے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-04

حیدرآباد میونسپل کارپوریشن 20 ہزار کروڑ کا بجٹ پیش کرے گا

حیدرآباد
یو این آئی
دی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن( جی ایچ ایم سی) اس سال20ہزار کروڑ کا ایک زبردست بجٹ پیش کرے گا تاکہ شہر میں سڑکوں اور فلائی اوورس کو خوبصورت بناتے ہوئے دیگر ترقیاتی سرگرمیاں انجام دی جاسکیں ۔ کارپوریشن کے کمشنر اور اسپیشل آفیسر سومیش کمار نے آج بلدی ملازمین کے لئے منعقدہ ایک چھوٹی سی تقریب میں اس بات کا انکشاف کیا ۔ یہ تقریب سال نو کے سلسلہ میں منعقد کی گئی تھی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے تمام عہدیداروں اور ارکان عملہ کے تعاون سے جی ایچ ایم سی ، کئی اختراعی اسکیموں کا آغاز کرسکتا ہے ۔ جو سال2014کے دوران بھی جاری رہی تھیں ۔ انہوں نے ان اسکیموں پر کامیاب عمل آوری کے لئے تمام بلدی عملہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خود جی ایچ ایم سی کی ترقی کے لئے اس کا حرکت میں رہنا ضروری ہے ۔ کمشنر نے مزید کہا کہ جی ایچ ایم سی نے سال2013کے دوران740کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کی تاہم2014کے دوران سخت محنت اور ذمہ داری کے احساس کے ساتھ کام کرنے کے نتیجہ میں جی ایچ ایم سی کو1024کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو خدمات کی فراہمی کے علاوہ کارپوریشن کئی اختراعی اسکیمیں جیسے غریبوں کے لئے 5روپے فوڈ اسکیم بھی چلارہا ہے ۔ کمشنر نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی نے ایسے20مراکز کھولے ہیں ، جہاں5روپے میں کھانے کی اسکیم چلائی جارہی ہے جس کے ذریعہ روزانہ تقریباً6500افراد استفادہ کررہے ہیں ، پورے ملک میں کارپوریشن کی یہ واحد اختراعی اسکیم ہے جس کے ذریعہ ضرورت مندوں اور غریبوں کی مدد کی جارہی ہے ۔ کمشنر نے مزید کہا کہ ڈائیور کم اونر اسکیم کے تحت408افرادکو کار کا مالک بنادیا گیا ہے ۔ اسکیم سے استفداہ کے لئے کئی لوگ اور کمپنیاں آگے آرہی ہیں، تاکہ مزید گاڑیاں حاصل کرسکیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ چند ماہ میں مزید600لوگوں کو اسکیم کے تحت گاڑیاں فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے خود ڈرائیور کم اونر جیسی جی ایچ ایم سی کی اختراعی اسکیم کی ستائش کی ہے ۔ تقریب میں ٹاؤن پلاننگ ، انجینئرنگ ، ہیلتھ ٹاؤنس اور جی ایچ ایم سی کے مختلف سینئر عہدیداروں اور ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

GHMC to have budget of Rs 20,000 Cr

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں