حرمین شریفین کی توسیع کے منصوبے بروقت مکمل ہونگے ،-- سعودی وزیر خزانہ العساف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-16

حرمین شریفین کی توسیع کے منصوبے بروقت مکمل ہونگے ،-- سعودی وزیر خزانہ العساف

مکہ مکرمہ
اردو نیوز (سعودی عرب)
سعودی وزیر خزانہ ڈاکٹر ابراہیم العساف نے واضح کیا ہے کہ حرمین شریفین کی توسیع کے عظیم الشان تاریخی منصوبے بروقت مکمل ہونگے ۔ ان کی تکمیل کے لئے تیزی سے کام کیا جارہا ہے ۔ وہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف میں تعمیراتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔ وزیر خزانہ نے دونوں مقدس شہروں کا دورہ اور وہاں حرمین شریفین کے توسیعی منصوبوں پر کام کا معائنہ خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی ہدایت پر کیا ۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ حرمین شریفین کی توسیع کے عظیم منصوبے اسلام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی خدمت کے زمرے میں آتے ہیں ۔ خیال رہے کہ حرمین شریفین کی توسیع کے منصوبوں پر80ارب ریال خرچ ہوں گے ۔ توسیع مکمل ہونے پر حرم شریف میں25لاکھ افراد بیک وقت عبادت کرسکیں گے جبکہ مسجد نبوی شریف میں بیک وقت 15لاکھ افراد کے لئے نماز کی گنجائش پیدا ہوجائے گی ۔ مکہ مکرمہ میں وزیر خزانہ نے شاہ عبداللہ ٹاور کے عقب میں پبلک ٹرانسپورٹ اسٹیشن ، ایک نئے اسپتال کے منصوبے ، سیکوریٹی امور سے متعلق عمارتوں اور پیدل چل کر حرم شریف آنے والوں کے لئے بنائے جانے والے زیر زمین راستوں کی تعمیر کے کام کابھی جائزہ لیا ۔ انہوں نے توقع پرمطاف کی توسیع کے تیسرے اور آخرے مرحلے کے حوالے سے جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے توسیع منصوبے میں کام کرنے والے افسران اور کارکنان کے خلوص ، جذبے اور لگن کی تعریف کی ۔انہوں نے بتایا کہ مسجد نبوی شریف کی توسیع کے پہلے مرحلے میں مشرقی جانب کا کام مکمل ہوگا ۔7زار انجینئر اور مزدور اس منصوبے پر کام کررہے ہیں ۔ یہ مدینہ منورہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہورہا ہے ۔ توسیع منصوبے کی تکمیل کے لئے10ہزار عمارتوں کو راستے سے ہٹایاجارہا ہے ۔ ان میں سے2500مالکان کو معاوضے ادا کردئیے گئے ہیں، دیگر کو بھی جلد ادائیگی کردی جائے گی ۔ شاہ عبداللہ نے توسیع منصوبے کا سنگ بنیاد2012ء میں رکھا تھا۔

Haram expansion gains momentum

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں