گستاخانہ خاکوں کی بار بار اشاعت آزادی اظہار نہیں اشتعال انگیزی ہے - عالمی سعودی ادارہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-16

گستاخانہ خاکوں کی بار بار اشاعت آزادی اظہار نہیں اشتعال انگیزی ہے - عالمی سعودی ادارہ

مکہ مکرمہ
سعودی پریس ایجنسی
رسول اللہ ﷺ کی نصرت اور تعارف کے لئے قائم سعودی عرب کے عالمی ادارے نے واضح کیا ہے کہ گستاخانہ خاکوں کی بار بار اشاعت آزاد�ئ اظہار نہیں بلکہ اشتعال انگیزی، خلاف حکمت اور درست فکر کے سراسر منافی ہے۔ یہ رحمۃ اللعالمین ﷺ کی تجریح اور توہین ہے ۔ ادارے نے فرانس سے شائع ہونے والے ہفت روزہ اخبار چارلی ہبڈو کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت پر تبصرہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ مذکورہ ہفت روزہ اخبار نے آزادی اظہار کے نام پر ایک بار پھر رسول اللہ ﷺ کی توہین کا ارتکاب کیا ہے ۔ادارہ اس عمل کو پوری قوت سے مسترد کرتا ہے، کسی بھی عنوان سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کا کوئی جواز نہیں ۔ مذکورہ اخبار آزدای اظہار کے نام پر غلط روش جاری رکھے ہوئے ہے۔ چارلی ہبڈو نے یہ گستاخانہ خاکے شائع کر کے دنیا بھر میں آباد ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے ہیں ۔ دنیا بھر کے عقلمندوں کا فرض ہے کہ وہ توہین آمیز سر گرمیاں بند کروانے کی اپیل کریں۔ ادارے نے خبر دار کیا کہ اس عمل سے نفرتیں اور بے چینیاں جنم لیں گی ۔ ادارے نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی وہ گستاخانہ خاکوں کے خلاف ہوش مندی سے عاری رد عمل سے گریز کریں ۔ ادارے نے اعلان کیا کہ وہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے اقدام کا جواب سیرت طیبہ میں انسانیت نواز مثالوں اور اخلاقی اقدار کا تعارف پیش کرکے دے گا۔ نبی رحمت ﷺ کا تعارف کرانے والے انسائیکلو پیڈیا کا فرانسیسی زبان میں ترجمہ شائع کرے گا ۔ اس انسائیکلو پیڈیا میں نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخیوں کا جواب معقول ، مدلل اور بصیرت افراز انداز میں دیا گیا ہے ۔ یہ انسائیکلو پیڈیا فرانسیسی زبان بولنے والے تمام ممالک میں پھیلایاجائے گا۔ ادارے نے دنیا بھر کے ثقافتی، ابلاغی اور تربیتی اداروں سے اپیل کی کہ وہ صحافت کی بے لگام آزادی کے تصور پر نظر ثانی کریں ۔ یاد رکھیں کہ آزادی اظہار کا آزادی کو اخلاق و اقدار کا پابند ہونا چاہئے ۔ دوسروں کے حقوق کو زک پہنچانے ، توہین کرنے، مقدس ہستیو ں کی شان میں گستاخی کرنے یا احساسات و جذبات کو مجروح کرنے سے گریز کرنا چاہئے ۔ ادارے نے اس موقع پر اقوام عالم سے خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی اس اپیل کا اعادہ کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ تمام اقوام توہین مذاہب کو لگام لگانے کے لئے جمع ہوں ۔اور اقوام متحدہ ضابطہ اخلاق جاری کر کے توہین مذاہب پر پابندی عائد کریں ۔ ادارے نے ان خبررساں ایجنسیوں اخبارات ، اور ابلاغی اداروں کے لئے قدرومنزلت کا اظہار کیا ، جنہوں نے گستاخان خاکوں کو دوبارہ اشاعت کی مخالفت کی ۔ ادارے نے واضح کیا کہ مسلمانوں کا فرض ہے کہ پیغمبر اسلام ﷺ کے مثالی تعارف پر توجہ مرکوز کریں۔ ادارے نے اس امر پر زور دیا کہ مذکورہ اخبار کے دفتر پر حملے اور 12افراد کے قتل کو اسلام اور اس کے پیروکاروں کے سر نہیں مڑا جاسکتا کیونکہ یہ اسلامی نظام و اخلاق کے سراسر منافی ہے۔ ادارے نے دنیا بھر کے مسلمانوں سے عموماً اور فرانس کے مسلمانوں سے خصوصاً اپیل کی کہ وہ گستاخانہ خاکوں کا جواب حکمت و فراست سے دیں، تشدد اور جارحیت سے گریز کریں ۔ اس واقعہ کا فائدہ اٹھا کر پیغمبر اسلام کے انسانیت نواز فرمودات اور واقعات رائے عامہ کے سامنے رکھیں۔ ادارے نے فرانس کے صدر اور وزیر اعظم کی اس یقین دہانی پر قدرومنزلت کا اظہار کیا جس میں انہوں نے دہشت گردی اور اسلامی رواداری کو ایک دوسرے سے جوڑنے سے منع کیا تھا۔

Continued publication of the Prophet's offensive cartoons denounced

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں