چندرا بابو نائیڈو نے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا - وائی ایس آر کانگریس کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-02

چندرا بابو نائیڈو نے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا - وائی ایس آر کانگریس کا الزام

حیدرآباد
یو این آئی
وجے واڑہ میں سال نو تقاریب منانے تلگو دیشم پارٹی کے اقدام کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے آج کہا ہے کہ یہ چندرابابو نائیڈو کا ایک حرب ہے جو شہرت حاصل کرنے کے لئے اختیار کیا گیا جب کہ عوام کو در پیش اصل مسائل کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی ترجمان واسی ریڈی پدما نے یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو ، سال نو کے موقع پر عوام سے صریح جھوٹ بول رہے ہیں کہ وہ ریاست کو ترقی یافتہ بنادیں گے ۔ بڑے بڑے اشتہارات میں جھوٹے دعوے کئے گئے ہیں جب کہ چیف منسٹر کے عہدہ کی حلف برداری تقریب میں انہوں نے جن وعدوں کی تکمیل کے لئے5فائلوں پر دستخط کئے تھے ان میں سے ایک بھی وعدہ آج تک پورا نہیں کیا گیا ہے اور اب وجئے واڑہ جاکر سال نو تقاریب منانا مضحکہ خیز نہیں تو اور کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے جاری کردہ اشتہارات جھوٹ کا پلندی اور من گھڑت دعوؤں پر مبنی ہے ۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو خود اس بات کا اعلان کریں کہ وہ کسانوں اور خواتین سیلف ہیلپ گروپس کے قرض کب معاف کریں گے اور وظائف کب جاری کریں گے اور ملازمتیں کب فراہم کریں گے ۔ واسی ریڈی پدما نے مزید کہا کہ تلگو دیشم پارٹی فخریہ یہ اعلان کرتی ہے کہ وہ پہلی جماعت ہے جس نے ریاست کی تقسیم کے حق میں ووٹ دیا تھا اور اب کہہ رہی ہے کہ تقسیم کے نتیجہ میں ریاست کو مالی بحران کا سامنا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست کو جو مالی بحران در پیش ہے وہ اے پی کی تقسیم کے باعث پیداہوا ہے اور چندرابابو نائیڈو کو یہ بات کہنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ تاہم انہیں یہ معلوم ہونا چاہئے کہ خود ان کی پارٹی نے ریاست کی تقسیم کی کھلے دل سے حمایت کی تھی جس کے نتیجہ میں ہمیں آج مالی بحران کا سامنا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے کسانوں کے قرض معاف کرنے کا اعلان کی اتھا لیکن حقیقت یہ ہے کہ قرض کا10فیصد سود بھی معاف نہیں کیا گیا ہے۔ ڈواکر اقرضوں کی معافی کا ذکر بھی نہیں کیاجارہا ہے حالانکہ یہ اہم انتخابی وعدہ تھا ۔ اس کے علاوہ وظائف اور راشن کارڈس کی تعداد میں زبردست گراوٹ لائی گئی ہے ۔ اس کے باوجود تلگو دیشم شیخی بگھارتے ہوئے فلاحی اسکیموں کے آغاز کا اعلان کررہی ہے جب کہ حالات انتہائی سنگین ہیں ، جنہیں کانگریس پارٹی نے تلگو دیشم پارٹی کی مدد سے ریاست کی تقسیم کے ذریعہ پیدا کیے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی ترجمان نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو سب سے یہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں اپنی پدیاترا کے دوران ہی عوامی مسائل سے واقفیت حاصل ہوئی جو اس بات کا اشارہ ہے کہ جب وہ چیف منسٹر تھے اور قائد اپوزیشن تھے تو وہ عوام کی حالت زار سے واقف نہیں تھے ۔ انہوں نے تلگو دیشم حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صاف صاف طور پر بتائے کہ وہ اپنے5انتخابی وعدے کب پورے کرے گی جن کی تکمیل کا چندرابابو نائیڈو نے حلف برداری تقریب میں اعلان کیا تھا ۔

Fulfil pre-poll promises, YSR Congress tells Naidu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں