ہندوخواتین زیادہ بچے پیدا کریں - بی جے پی لیڈر کا متنازعہ بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-08

ہندوخواتین زیادہ بچے پیدا کریں - بی جے پی لیڈر کا متنازعہ بیان

بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج کے اس بیان نے ملک میں غم و غصے کو جنم دیا ہے کہ ہندو مذہب کی حفاظت کے لئے ہندو خواتین کو کم از کم چار بچے پیدا کرنے چاہئیں ۔ تجریہ کاروں کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے ساکشی مہاراج کے اس بیان کا مقصد مسلمانوں کے ساتھ کشیدگی پیدا کرنا ہے۔ کانگریس کے ترجمان سنجے جھا نے ان کے اس بیان کا مضحکہ خیز اور اشتعال انگیز قرار دیا ہے ۔ ساکشی مہاراج متنازع شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں ۔ پچھلے ماہ انہوں نے مہاتما گاندھی کے قاتل کو محب وطن کہا تھا۔ ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ساکشی مہاراج نے مسلمانوں ، جنہیں چار شادیاں کرنے کی قانونی اجازت ہے، تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہا چار بیویوں اور 40بچوں کا تصور ہندوستان میں نہیں چلے گا، وقت آگیا ہے کہ ہندو عورتیں اپنے مذہب کو بچانے کے لئے کم سے کم چار بچے پیدا کریں ۔ یاد رہے کہ ملک میں اکثر مسلمانوں پر اپنی آبادی بڑھانے کی نیت سے زیادہ بچے پیدا کرنے کا الزام لگایاجاتا ہے ۔ گوکہ ملک میں مسلمانوں کی آبادی صرف14فیصد ہے ۔ لیکن ہندو قوم پرست اس بات پر اصرار کرتے ہیں کہ مسلمانوں کاملک میں اکثریت بننے کا حقیقی خطرہ موجود ہے۔ بہت سے لوگوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ساکشی مہاراج کے بیان کو طنز کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس پارٹی کی پرینکا چتر ویدی نے لکھا ہے کہ ہاں ساکشی مہاراج ہندو عورتیں صرف اسی مقصد کے لئے پیدا ہوئی ہیں ۔ صحافی کنکا گہلوت نے ایک ٹویٹ میں کہا : ساکشی مہاراج، صرف چار بچے ہی کیوں ، پوری کرکٹ ٹیم کیوں نہیں؟ یاد رہے کہ ساکشی مہاراج پچھلے سال کے عام انتخابات میں شمالی ریاست اتر پردیش سے منتخب ہوئے تھے۔ حالیہ مہینوں میں بی جے پی کے کئی رہنما متنازع بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہے ہیں۔ دسمبر میں وزیر نرنجن جیوتی نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہندو رام زادے ہیں اور غیر ہندو حرامزادے ہیں۔ ادھر کانگریس نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج کے اس بیان پر سخت اعتراض کیا ہے کہ ہر ہندو خاتون کو کم از کم چار بچے پیدا کرنے چاہئے اور پوچھا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی ایسے بیانوں پر کب خاموشی توڑیں گے ۔ کانگریس کے ترجمان ابھیشیک سنگھوی نے ساکشی مہاراج کے بیان پر آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ کیا اگلے انتخابات میں بی جے پی کا نعرہ اب کی بار بچے چار رہے گا۔

Every Hindu Woman must Produce 4 Children to Protect Hinduism: BJP's Sakshi Maharaj

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں