غیرمقیم ہندوستانیوں کو ووٹ دینے کا اہل بنایا جائے - مرکز کو سپریم کورٹ کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-13

غیرمقیم ہندوستانیوں کو ووٹ دینے کا اہل بنایا جائے - مرکز کو سپریم کورٹ کی ہدایت

نئی دہلی
یو این آئی
غیر مقیم ہندوستانیوں (این آر آئیز) کے لئے ایک خوشخبری یہ ہے کہ سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ اندرون8ہفتے این آر آئیز کو ای ووٹنگ کا اہل بنایاجائے ۔ عدالت عظمیٰ میں داخل کردہ ایک رپورٹ کے ذریعہ مرکزی حکومت نے کہا کہ ہندوستانی پاسپورٹ رکھنے والے بیرون ملک مقیم شہریوں کے لئے ای بیالٹ کے ذریعہ حق رائے دہی سے استفادہ کو منظوری دینے کی الیکشن کمیشن نے حکومت سے سفارش کی ہے۔ سپریم کورٹ نے مرکز سے کہا کہ ای بیالٹ ووٹنگ کی جلداز جلد اجازت دی جائے ۔ یہ اجازت ملنے پر دنیا بھر میں مقیم زائد از11ملین شہریوں کو ای میل کے ذریعہ ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہوجائے گا ۔ وہ ای ووٹنگ کے ذریعہ سادہ ڈاک بیالٹ پیپر کو پر کرکے ای میل یا ڈاک کے ذریعہ اپنے متعلقہ حلقہ کو بھیج سکیں گے ۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ای ووٹنگ سسٹم میں غلط استعمال کا جوکھم بہت معمولی ہے ۔ اس طریقہ کار میں رازداری کی خلاف ورزی یا دھاندلی کا بھی کوئی اندیشہ نہیں ہے ۔ حکومت نے 2010ء میں این آر آئیز کو حق رائے دہی سے استفادہ کی اجازت دی تھی لیکن یہ قواعد بنانا باقی رہ گیا کہ وہ رائے دہی کے دن اپنے حلقہ میں کس طرح موجود رہیں گے ۔ برسہا برس سے این آر آئیز رائے دہی کے دن اپنے وطن میں موجود نہ رہنے کے سبب حق رائے دہی سے محروم تھے ۔ مرکز نے آج عدالت عظمیٰ میں ایڈیشنل سالیسٹر جنرل پی ایل نرسمہا کے توسط سے یہ وضاحت کی کہ الیکشن کمیشن کی سفارش کو مرکز نے منظور کرلیا ہے ۔ اس پر چیف جسٹس ایچ ایل دتو اور جسٹس اے کے سیکری پر مشتمل بنچ نے مرکز کو ہدایت دی کہ تجاویز پر عمل آوری کے سلسلہ میں اٹھائے گئے مزید اقدامات سے عدالت کو واقف کروایاجائے ۔ ضروری اقدامات کرنے کی مرکز کو ہدایت دیتے ہوئے بنچ نے معاملہ کی سماعت8ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔ بنچ نے کہا کہ چونکہ کمیشن کی سفارش اور رائے کو حکومت نے قبول کرلیا ہے ، اس لئے انہیں اس پر عملی اقدام کے لئے مہلت دینے کی ضرورت ہے ۔ انہیں چاہئے کہ جس قدر جلد ممکن ہو اس کو عملی جامہ پہنائیں۔

NRIs Must be Allowed to e-Vote Within 8 Weeks, Orders Supreme Court

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں