مہاتما گاندھی کی برسی - تلنگانہ بھر میں بابائے قوم کے مجسموں کی گلپوشی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-31

مہاتما گاندھی کی برسی - تلنگانہ بھر میں بابائے قوم کے مجسموں کی گلپوشی

حیدرآباد
یو این آئی
تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی برسی کے موقع پر انہیں آج یہاں لنگر حوض باپو چھاٹ پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے مہاتما گاندھی کی یادگار پر پھول مالا چڑھائی اور انہیں خراج ادا کیا ۔ اس موقع پر دعائیہ اجتماع کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ رگھوپتی راگھو راجا رام کا گیت بھی گایا گیا جس سے مہاتما گاندھی کی یادیں تازہ ہوگئیں ۔ مرکزی وزیر بنڈارو دتا تریہ مختلف ریاستی وزراء، صدر پردیش کانگریس پونالا لکشمیا اور دیگر قائدین بھی باپو گھاٹ پہنچے اور بابائے قوم کو خراج پیش کیا ۔ اس سلسلہ میں باپو گھاٹ پر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے ضروری انتظامات کئے تھے ۔ باپو گھاٹ پر اہم شخصیتوں کی آمد کے پیش نظر سخت سیکوریٹی انتظامات بھی کیے گئے ۔ اسی دوران تلنگانہ بھر میں مہاتما گاندھی کو عوام نے ان کی67ویں برسی پر خراج ادا کرتے ہوئے ان کی خدمات اور قربانیوں کو یاد کیا۔ سیاسی قائدین کے ساتھ ساتھ سماجی رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی ریاست کے مختلف شہروں اور قصبوں میں مہاتما گاندھی کے مجسموں کی گلپوشی کی اور انہیں خراج ادا کیا ۔ شہر میں کئی سماجی تنظیموں نے اجتماعات کا اہتما م کیا جس میں گاندھی جی کے پسندیدہ بھجن گائے گئے ۔ اسی دوران وشاکھا پٹنم سے موصولہ اطلاع کے بموجب وشاکھا پٹنم اسٹیل پلانٹ کی سب سے نمایاں کمپنی راشترا اسپات نگم لمٹیڈ میں بھی بابائے قوم کی برسی کو یوم شہیداں کے طور پر منایا گیا ۔ کمپنی کے فینانس ڈائرکٹر ٹی وی ایس کرشنا کمار نے مہاتما گاندھی کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے اکونا رام مہاتما گاندھی پارک میں واقع ان کے مجسمہ کی گلپوشی کی اور بابائے قوم کو خرا ج اداکیا۔ اس موقع پر دعائیہ اجتماع بھی منعقدکیا گیا۔ جنرل (ٹاؤن ایڈمنسٹریشن) آر پی سریواستو، یونین قائدین وائی مستانپا اور بوسو بابو کے علاوہ ایس سی ایس ٹی اسوسی ایشن کے نمائندے و دیگر نے بھی یہاں مہاتما گاندھی کے مجسموں کی گلپوشی کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ مہاتما گاندھی کے پرسنل سکریٹری وی کلیانم نے آندھرا یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے وائس چانسلر جی ایس این راجو سے ملاقات کی اور گاندھی اسٹیڈی سنٹر کے یونیورسٹی طلباء سے گاندھی کی تعلیمات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مہاتما گاندھی کے ساتھ اپنی وابستگی کو یاد کیا اور تجویز پیش کی کہ کیمپس میں صاف صفائی کی برقراری کو ترجیح دیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مہاتما گاندھی نے عوام کو اپنی تعلیمات صرف اسی وقت پیش کیں جب وہ اس پر عمل شروع کرتے تھے ۔ دیگر معنوں میں وہ پہلے کرتے تھے اور پھر بعد میں اس کا حکم دیتے تھے ۔

Death Anniversary of Mahatma Gandhi observed across Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں