نوجوان نسل کی بھرتی کے لیے ڈی آر ڈی او سربراہ کو ہٹایا گیا - وزیر دفاع منوہر پاریکر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-15

نوجوان نسل کی بھرتی کے لیے ڈی آر ڈی او سربراہ کو ہٹایا گیا - وزیر دفاع منوہر پاریکر

نئی د ہلی
پی ٹی آئی
وزیر دفاع منوہر پاریکر نے آج کہا کہ ڈی آر ڈی او کے صدر اویناش چندر کی برطرفی متنازعہ نہیں ہے اور دراصل انہوں نے ہی یہ سفارش کی تھی کہ اس عہدے پر کسی قدرے جوان شخص کو فائز کیا جائے۔ کنٹراکٹ پر کام کرنے والے کسی شخص کو اس عہدہ پر نہیں ہونا چاہئے ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ چندر کی میعاد نومبر میں ختم ہوچکی تھی ، انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے فیصلے کی وجہ سے چندر کے کنٹراکٹ میں توسیع کی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سینئر عہدوں پر کنٹراکٹ پر کام کرنے والا کوئی شخص نہیں ہونا چاہئے ۔ کئی اہلا فراد ہیں ، ان میں سے کسی کو منتخب کیاجانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا یہ کہ کوئی متنازعہ فیصلہ نہیں ہے۔ میں نے اس بات کی سفارش کی تھی کہ ہمیں سائنسی دنیا میں قدرے جوان نسل کو متعارف کرنا چاہئے ۔ نارتھ بلاک کے باہر نامہ نگاروں نے جب یہ دریافت کیا کہ اب ڈی آر ڈی اوکا سربراہ کون ہوگا تو انہوں نے کہا کہ فی الحال اس ادارہ کا سینئر ترین شخص اس عہدہ پر عارضی سربراہ ہوگا ۔ ہم ڈی آر ڈی او سے ہی کسی اہل شخص کو ڈھونڈنکالیں گے جسے ترقی کی خواہش ہو۔
اسی دوران موصولہ یو این آئی کی اطلاع کے مطابق ڈیفنس ریسرچ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کے صدر کے عہدہ سے اویناش چندر کو یکلخت برطرف کیے جانے کے بعد اس ادارے کے نئے سربراہ کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔ اویناش کی میعاد ختم ہونے میں ابھی15ماہ باقی تھے ۔ ممتاز نیوکلیر سائنسداں اور بھابھا اٹامک ریسرچ سنٹر کے ڈائرکٹر شیکھر باسو ڈی آر ڈی او صدر نشین کے عہدہ کی دوڑ میں آگے بتائے جاتے ہیں۔ ادارہ کے ذرائع نے بتایا کہ انہیں موجودہ سربراہ کی برطرفی کے بارے میں ہنوز اطلاع نہیں ملی ہے ۔ واضح رہے کہ اویناش چندر کو ایک ایسے وقت مستعفی ہونے کی ہدایت دی گئی جب کہ کئی اہم دفاعی پراجکٹس میں تاخیر ہورہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مرکزی نئی حکومت، دفاعی پراجکٹس میں تیزی لانے کی کوشش کررہی ہے اور نسئی نسل کو ادارہ کی قیادت کرنے کا ایک موقع فراہم کرنا چاہتی ہے ۔ ماضی میں سینا ریٹی کی اساس پر اس عہدہ پر تقرررات کیے جاتے رہے ہیں لیکن نئی حکومت اس ادارہ میں نیا اور تازہ خون لانا چاہتی ہے ۔

نئی دہلی سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب کانگریس کے جنرل سکریٹری دگ وجئے سنگھ نے آج ڈی آر ڈی او کے صدر نشین اویناش چندر کی برطرفی پر مرکز سے وضاحت پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس لیڈر نے ٹوئٹر پر کہا کہ ڈی آر ڈی او سربراہ اویناش چندر کو ان کی میعاد ختم ہونے سے15ماہ قبل عہدہ سے ہٹا دیا گیا ہے ۔ کیا حکومت اس کی وضاحت کرے گی۔ واضح رہے کہ اویناش چندر جوڈی آر ڈی او کے سکریٹری اور وزیر دفاع کے سائنسی مشیر تھے ، گزشتہ سال30نومبر کو 64سال کی عمر کو پہنچنے کے بعد سبکدوش ہوچکے تھے۔ انہیں31مئی2016ء کو18ماہ کا کنٹراکٹ دیا گیا تھا ۔ بہر حال کنٹراکٹ کے ختم ہونے سے15ماہ قبل انہیں اچانک عہدہ سے برطرف کردیا گیا۔

Removed DRDO Chief to Bring in Younger Scientist, Defence Minister Manohar Parrikar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں