حکومت کے فیصلوں پر کانگریس جارحانہ موقف اختیار کرے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-03

حکومت کے فیصلوں پر کانگریس جارحانہ موقف اختیار کرے گی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس نے آج کہا کہ اراضی آرڈیننس ، پٹرول اور ڈیزل اکسائز ڈیوٹی میں اضافہ اور پلاننگ کمیشن کے نام کو نیتی آیوگ سے تبدیل کئے جانے جیسے حکومتی فیصلوں کے خلاف آنے والے دنوں میں کانگریس جارحانہ موقف اختیار کرے گی ۔ پارٹی ترجمان اجے کمار نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ این ڈی اے حکومت کے اراضی آرڈیننس کا مقصد یہ ہے کہ یوپی اے حکومت کے دور میں لائے گئے اراضی حصول ایکٹ کے ، قلب اور روح‘ کو نکال باہر کرنا ہے جس کا مقصد یہ تھا کہ کسانوں کی اراضی کے ساتھ شفاف معاملہ کیاجائے ۔ حصول اراضی بل کوموجودہ لوک سبھا اسپیکر اور بی جے پی قائد سمترا مہاجن کی قیادت میں پارلیمنٹ کمیٹی کے ذریعہ حتمی شکل دئیے جانے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اس مسئلہ کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور طریقہ سے اٹھائیں گے اور ہر مجلس اور مباحثہ کے مقامات پر اس مسئلہ کو چیلنج کیاجائے گا ۔ نیز انہوں نے اس بات کابھی ذکر کیا کہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے اراضی آرڈیننس پر حکومت سے وضاحت طلب کی تھی ، جسکا مطلب یہ ہے کہ یہ معاملہ کس قدر سنگین نوعیت کا حامل ہے ۔ یقیناًکوئی تو بات تھی جو صدر کے لئے باعث تشویش تھی۔ پلاننگ کمیشن سے نیتی آیوگ نام کی تبدیلی کے ضمن میں انہوں نے یہ الزام عائد کیا کہ یہ ایک انتہائی خطرناک اقدام ہے اور وفاقی ڈھانچہ پر حملہ کے مترادف ہے ، جس کا مقصد صرف یہی ہے کہ تمام تر اختیارات کو وزیر اعظم دفتر ہی میں سمیٹ دیاجائے ۔ کانگریسی ترجمان نے حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی اکسائز ڈیوٹی میں اضافہ پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ’’خام تیل کی عالمی قیمتوں میں گراوٹ اور کمی کا سلسلہ جاری ہے اس کے باوجود جاریہ مہینوں مین مسلسل تیسری مرتبہ حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی اکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیاجارہا ہے اور یہی وہ بی جے پی ہے جس نے عوام سے اچھے دنوں کی آمد کے بلند بانگ دعوے کئے تھے اور اب حال یہ ہے کہ فوائد رسائی کے بجائے عوام پر مزید بوجھ لادے جارہے ہیں تاکہ حکومت اور تیل کمپنیوں کے خزانے بھرے جائیں ۔ ایک کانگریسی قائد نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط کے ساتھ کہا کہ پارٹی نے اپنے وزراء اعلیٰ کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ ان مسائل کو جارحانہ انداز میں اٹھائیں ۔

Congress to take aggressive stand on government decisions

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں