کوسٹ گارڈس نے 26 نومبر طرز کا دہشت پسندانہ حملہ ناکام بنا دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-03

کوسٹ گارڈس نے 26 نومبر طرز کا دہشت پسندانہ حملہ ناکام بنا دیا

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ساحلی گارڈس نے سال نو کے آغاز پر آدھی رات کو بیچ سمندر میں کارروائی کرتے ہوئے دھماکو اشیاء سے لدی ایک مشتبہ پاکستانی ماہی گیر کشتی کو روک کر 26/11طرز کے دہشت پسندانہ امکانی حملہ کوناکام بنادیا ۔ جب ساحلی گارڈس نے اس کشتی کو روکا تو کشتی میں سوار چار افراد( مشتبہ دہشت گردوں) نے اس کشتی کو آگ لگا دی اور سمندر میں ان چار افرادکے ساتھ غرق ہونے سے قبل یہ کشتی دھماکہ کے ساتھ پھٹ پڑی ۔ یہ واقعہ، ویسا ہی تھا جو کراچی سے نکلے دہشت پسندوں نے نومبر2008ء میں ممبئی میں خوفناک دہشت پسندانہ حملے سے قبل کی تھی ۔ ممبئی میں حملے سے قبل دہشت گردعناصر بھی ذریعہ کشتی پہنچے تھے ۔ ساحلی گارڈس نے گزشتہ تقریباً دسمبر اوریکم جنوری کی درمیانی شب ہندوستانی سمندر ی حدود میں تقریباً8کلو میٹر اندر اس کشتی کا پتہ چلالیا۔ انٹلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ساحلی گارڈس کے جہازوں اور طیاروں نے آدھی رات کے بعد کارروائی کی اور مشتبہ ماہی گیر کشتی کو، ساحل پور بندر سے لگ بھگ365کلو میٹر دور روکا، اس سے قبل اس کشتی کا سر گرم تعاقب کیا گیا۔ وزارت دفاع نے آج اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ اطلاع ملی تھی کہ کراچی کے قریب کے ٹی بندر سے نکلی ماہی گیر کشتی، بحیرہ عرب میں کچھ غیر قانونی معاملت کا منصوبہ بنارہی ہے ۔اس اطلاع کی بنیادپر کوسٹ گارڈ کے ڈرونیر طیاروں نے فضاؤں سے سمندر میں تلاشی مہم شروع کی اور مشتبہ ماہی گیر کشتی کا پتہ چلا لیا ۔ اس کے بعد اس علاقہ میں طلایہ گردی کرنے والے ساحلی گارڈس کے جہاز کا رخ موڑدیا گیا اور مشتبہ کشتی کو آدھی رات کے وقت روک دیا گیا ۔ اس کشتی میں کوئی روشنی نہیں تھی ۔ ساحلی گارڈ کے جہاز نے ماہی گیر کشتی کو رکنے کی وارننگ دی تاکہ کشتی کے عملہ اور کارگو کے بارے میں مزید تحقیقات کی جائیں لیکن کشتی میں سوار افراد نے اس کشتی کی رفتار تیز کردی اور ہندوستان کی سمندر سرحد سے فرار ہونے کی کوشش کی ۔ ساحلی گارڈنے تقریباً ایک گھنٹہ تک اس کشتی کا زبردست تعاقب کیا اور انتباہی فائرنگ کے بعد اس کشتی کو روکنے میں کامیابی حاصل کرلی۔
وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیاکہ کشتی میں سوار 4افراد نے کشتی کو روکنے سے متعلق اور تحقیقات میں تعاون سے متعلق ساحلی گارڈس کے جہاز کی تمام وارننگس کو نظر اندا ز کردیا تھا ۔ کشتی، روکیجانے کے جلد بعد عملہ نے خودکو عرشہ کے نیچے واقع کمپارٹمنٹ میں خود کو چھپالیا اور کشتی کو آگ لگا دی ۔ نتیجتاً دھماکہ ہوا اور کشتی میں بھیانک آگ لگ گئی ۔ رات کی تاریکی ، خراب موسم اور زوردار ہواؤں کے جھکڑ چلنے کے سبب کشتی اور اس میں سوار افراد کو نہیں بچایا جاسکا ۔ یہ کشتی یکم جنوری کی اولین ساعتوں میں شعلہ پوش ہوکر غرق ہوگئی ۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ نومبر2008ء میں ممبئی میں دہشت پسندانہ حملہ میں10دہشت گرد ملوث تھے ۔ یہ عناصر کراچی سے کشتی میں ساحل ممبئی پہنچے تھے ۔ اس حملہ میں166افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ساحلی گارڈس کے جہاز اور طیارے اب امکانی طور پر کسی بچ جانے والے کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ سمندری راستے خطرہ کے بارے میں مواد ملنے کے بعد گزشتہ دو مہینوں سے سمندری و ساحلی علاقوں میں ساحلی گارڈس اور دیگر سیکوریٹی ایجنسیاں سخت چوکسی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ یو این آئی کے بموجب ہندوستانی ساحلی گارڈس نے آج ایک بڑے دہشت پسندانہ حملہ کو ناکام بنادیا اور دھماکو اشیاء سے لدی ایک کشتی کو ناکارہ بنادیا ۔ اس کشتی میں سوار چار مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔

دریں اثنا احمد آباد سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب دھماکو اشیاء سے لدی پاکستانی کشتی کو ہندوستانی سمندر میں پکڑے جانے کے بعد سیکوریٹی ایجنسیز نے ہند۔ پاک سرحد سے متصل چوکسی میں اضافہ کردیا ہے تاکہ ریاست میں ہونے والی عالمی سرمایہ کاری کانفرنس2015ء سے قبل کسی بھی دہشت گردانہ حملوں پر روک لگائی جاسکے ۔ ہندوستانی کوسٹ گارڈ سیکوریٹی فورس اور گجرات پولیس نے بحیرہ عرب میں ہوئے اس واقعہ کے بعد ایک اعلیٰ سطحی چوکسی کو شروع کردیا ہے ۔ انسپکٹر جنرل کلدیپ سنگھ شیرن ، کمانڈر کوسٹ گارڈ(جنوب ، مغرب) نے آج کہا کہ آئی سی جی ساحلی علاقہ کی سخت نگرانی کررہے ہیں اور6فضائی طیاروں کو اس کام پر مامور کردیا گیا ہے ۔ ایک اعلیٰ سطحی بی ایس ایف عہدیدار نے کہا کہ فورس کی جانب سے زائد مساعی جاری ہیں تاکہ کانفرنس سے قبل کسی بھی دہشت گردانہ حملہ پر قدغن لگائی جاسکے کیونکہ مختلف ممالک سے آنے والے مہمانوں کی بے خطا اور لغزش سے پاک سیکوریٹی کو یقینی بنایاجاسکے ۔ خیال رہے کہ وائبر نٹ گجرات گلوبل سمٹ کا11تا13جنوری2015کو گاندھی نگر میں انعقاد ہونے جارہا ہے جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے بشمول بیرون ممالک کے چند اعلیٰ شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ گجرات ڈائرکٹر جنرل آف پولیس(ڈی جی پی) پی سی ٹھاکر نے کہا کہ’’ اس پیش آمدہ کانفرنس کے سلسلہ میں گجرات پولیس پہلے ہی سے متحرک اور چوکس ہے ۔ پور بندر سے 360کلو میٹر دور پاکستانی کشتی کا یہ واقعہ رونما ہوا ہے ۔

Coast Guard foils 26/11-type attack

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں