کالا دھن روکنے چیک اور کریڈیٹ کارڈ کے استعمال پر زور - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-03

کالا دھن روکنے چیک اور کریڈیٹ کارڈ کے استعمال پر زور - وزیراعظم مودی

ممبئی
پی ٹی آئی
خرید و فروخت میں نقد رقم کے تبادلہ کے بجائے چیک اور کریڈٹ کارڈ کے استعمال پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے آج کہا کہ کالا دھن کے مسئلہ سے نمٹنے یہ بہترین حل ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے بینکوں سے اپیل کی کہ سونے اور بھاری رقومات مشغول کرنے سے روکنے کے لئے حوصلہ شکنی کے راستے تلاش کئے جائیں۔ مودی نے بینکوں سے سماجی مقاصد کے لئے ذمہ دارانہ رول ادا کرنے اور صفائی، ستھرائی اور ناکارہ اشیاء کو کار آمد بنانے کے وینچرس میں سرمایہ مشغول کرنے کی بھی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں بینکوں کو چاہئے کہ تمام تجارتی معاملات بغیر نقد رقم کے تبادلوں کے ذریعہ کرنے میں مسابقت کریں کیونکہ کالا دھن کے مسئلہ کا یہ ایک بہترین حل ہوگا ۔ مودی نے یہ خیال ظاہر کیا کہ کالا دھن پر قابو پانے کے جتنے بھی حل پیش کئے گئے ہیں ان میں سب سے بہترین اور اہم ترین حل روپیوں یا سکوں کے تبادلہ کے بغیر کریڈٹ کارڈ یا چیک کے ذریعہ خریدو فروخت یا معاملت کا طریقہ ہے ۔ یہ ایک بہترین موقع ہے جس کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے اور عوام کو چیک یا کریڈت کارڈ کے ذریعہ کاروبار کی عادت ڈالنا چاہئے۔ کالا دھن حالیہ عرصہ میں ایک بڑا سیاسی مسئلہ بن گیا ہے جسے لوک سبھا انتخابات میں مودی کی قیادت میں بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتوں نے ایک اہم مسئلہ کے طور پر اٹھایا اور پارٹی کی زبردست کامیابی میں اس کا اہم رول سمجھاجاتا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستانی عوام میں بچت کا رجحان ہے جس کے لئے وہ بڑی رقم سونے کی خریدی میں مشغول کرتے ہیں ۔ بینکوں کے پاس یہ چیالنج ہے کہ وہ عوام کو اس بات کا یقین دلائیں کہ ان کے بینک میں رقم موجود ہونے سے وہ جب بھی ضرورت ہواسے نکال سکتے ہیں ۔ اس طرح بینکوں کو سماجی اصلاح کے ایجنٹ بننے میں مدد مل سکتی ہے ۔ وزیر اعظم آئی سی آئی سی آئی ڈیجیٹل ولیج کو قوم کے نام معنون کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ آئی سی آئی سی آئی بینک نے گجرات میں اکودرا موضع اپنی تحویل میں لیتے ہوئے وہاں نقد رقم کے بغیر بینکنگ اور ای ہیلت جیسی سہولتیں فراہم کیں ۔

Cashless Banking Best Solution for Black Money Problem, PM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں