حملہ کے بعد چارلی ہبڈو کا پہلا ایڈیشن - دوبارہ گستاخانہ حرکت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-15

حملہ کے بعد چارلی ہبڈو کا پہلا ایڈیشن - دوبارہ گستاخانہ حرکت

پیرس
رائٹر
پیغمبر اسلام ؐ کی شان میں گستاخی کے مرتکب ہفتہ وار چارلی ہبڈو پر گزشتہ ہفتہ اسلام پسند بندوق برداروں کے ہلاکت خیز حملہ کے بعد آج اس ہفتہ وار کی پہلی اشاعت عمل میں آئی اور اس کی کاپیاں چند منٹ میں فروخت ہوگئیں ۔ سارے فرانس میں جگہ جگہ نیوز پیپراسٹینڈس پر قارئین کی قطاریں دیکھی گئیں جواس گستاخ ہفتہ وار کی تائید کررہے تھے ۔ ہفتہ وار کی معمول کی اشاعت60ہزار تھی جب کہ اب اس کی مجموعی طباعت کا نشانہ50لاکھ مقرر کیاگیا ہے اورا س ایڈیشن کو’’بچ جانے والوں کے ایڈیشن‘‘ کا نام دیا گیا ہے ۔ وسطی پیرس میں24افراد کی ایک قطار کے آخر میں کھڑے ہوئے ایک شخص ڈیوڈ سلو نے بتایا کہ اس سے پہلے اس نے کبھی یہ ہفتہ وار نہیں خریدا تھا لیکن آزادی اظہار خیال کی تائید کے لئے اس ہفتہ واری کی خریدی آج اس کے لئے اہم تھی ۔ شمالی پیرس میں جولس جافرن میٹرو اسٹیشن پر اخبار فروخت کرنے والے ایک شخص نے بتایا کہ صبح6بجے سے پہلے ہی لوگ یہ کاپیاں خریدنے کھڑے تھے ۔ چارلی ہبڈو کی آج کی اشاعت میں صفحہ اول پر پیغمبر اسلامؐ کی فرضی شبیہ طبع کرنے کی پھر ایک بار گستاخی کی گئی ہے اور سرخی کے نیچے یہ تحریر’’ میں چارلی ہوں‘‘ درج ہے۔ شبیہ کو مغموم دکھایا گیا ہے ۔ یہ امیج تیار کرنے والے ’’رینالڈلزلز یر‘‘ نے کل ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ’’ یہ ہمارا پہلا صفحہ ہے ۔ یہ وہ نہیں ہے جس کی نقشہ کشی ، دہشت گرد عناصر چاہتے تھے ۔ مجھے کوئی پریشانی نہیں ہے ۔ میں عوام کے شعور پر اور عوام کے حس مزاح پر اعتماد رکھتا ہوں۔ لزیر نے گستاخ ہفتہ وار کے عارضی دفتر ’’روزنامہ لبریشن‘‘ پر نیوز کانفرنس سے خطاب کیا( لبریشن اخبار بائیں بازو کا ترجمان ہے )
موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ اس ہفتہ کے ایڈیشن کی فروخت سے ہونے والی ساری آمدنی ،ر است طور پر چارلی ہبڈو کو جائے گی ۔ یہ غیر معمولی فروخت، اس ہفتہ وار کی اشاعت کے لئے فائدہ بخش ہوئی جب کہ یہ ہفتہ وار مالی مسائل سے دوچار تھا ۔ اس ہفتہ وار پر طبع شدہ قیمت3یوروز( 4ڈالرس) ہے۔ عطیات کے لئے بھی اپیل قومی میڈیا پر کی گئی ہے ۔ اس اخبار کے ڈیجیٹل روپ، انگریزی ، اسپینی ، اور عربی زبان میں بھی پوسٹ کئے جائیں گے اور طباعی ایڈیشن اطالوی اور ترکی زبانوں میں ہوں گے ۔ بتایاجاتاہے کہ فرانس کے کئی لوگوں نے پیرس حملہ واقعہ کے بعد اس ہفتہ وار کے پہلے کورپر ایک اور گستاخانہ کارٹون شائع کرنے سے متعلق اس ہفتہ وار کے فیصلہ کی حمایت کی تھی ۔

دبئی سے رائٹر کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب القاعدہ کی شاخ یمن (اے کیو اے پی) نے گزشتہ7جنوری کو پیرس میں گستاخ ہفتہ وار چارلی ہبڈو کے دفاتر پر حملہ کہ ذمہ داری قبول کرلی ہے اور کہا ہے کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی اہانت پر القائدہ گروپ کی قیادت نے حملہ کا حکم دیا تھا ۔ یوٹیوب پرپوسٹ کردہ ویڈیو میں یہ بات بتائی گئی ۔ القاعدہ کی شاخ یمن کے لیڈر ناصر بن علی الانسی نے ویڈیو میں کہا ہے کہ’’خدا کے فضل سے جنگ پیرس کے لئے ہم یعنی القاعدہ الجہاد کی شاخ یمن ، کارروائی کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں جو خدا کے پیغمبر کی اہانت پر بطور انقام کی گئی ۔‘‘ اے کیو اے پی کے اصل نظریہ ساز الانسی نے بتایا کہ حملہ القاعدہ کے اہم لیڈر ایمن الظواہری کے حکم کی تعمیل میں کیا گیا ۔ الانسی نے کسی فرد کا نام لئے بغیر کہا کہ’’ اس شخص نے جس نے نشانہ کا انتخاب کیا، اس کا منصوبہ بنایا اور کارورائی کے لئے رقم فراہم کی وہ القاعدہ کی قیادت ہے ۔ ‘‘الانسی نے کسی فرد کا نام نہیں بتایا ۔ اے کیو اے پی کی قیادت ناصر الوحیشی کے ذمہ ہے جو القاعدہ نیٹ ورک کے عالمی ڈھانچہ میں الظواہری کا نمبر2بھی ہے ، الانسی نے بتایا کہ ہم نے اللہ کے حکم کی تعمیل میں اور اس کے پیغمبر ﷺ کی تائید میں یہ حملہ کیا۔ ریکارڈنگ کی صداقت کی جانچ فوری طور پر ممکن نہیں ہوسکی۔

Charlie hebdo again blasphemous act

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں