چارلی ہبڈو کی اشتعال انگیزی - ساری دنیا کے مسلمانوں کا اظہار مذمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-15

چارلی ہبڈو کی اشتعال انگیزی - ساری دنیا کے مسلمانوں کا اظہار مذمت

ایجنسیاں
قاہرہ
مصر کی الازہر یونیورسٹی نے چارلی ہیبڈو کے اشتعال انگیز اقدامات جاری رہنے کی مذمت کی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق مصر کی الازہر یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے کہ نبی اکرم ﷺ کے توہین آمیز خاکے شائع کرنے سے مسلمانوں میں مزید غم و غصے کی آگ بھڑکے گی ۔ الازہر یونیورسٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کا مقصد صرف مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنا ہے ۔ دوسری جانب مسلم علماء کی عالمی یونین نے بھی فرانس میں چارلی ہبڈو کے اقدام پر کڑی تنقید کی ہے ۔ اس یونین نے ایک آج چہار شنبہ کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس جریدے میں حضرت محمد ﷺ کا توہین آمیز خاکہ شائع کرنا، ایک غیر عاقلانہ اور غیر منطقی اقدام ہے ۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چارلی ہبڈو کے اقدامات سے مسلمانوں میں ایک بار پھر شدید غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔

ماسکو
روس کے مفتیوں کی کونسل کے نائب سربراہ روشن عباسوو نے کہا ہے کہ فرانسیسی جریدے ’’چارلی ہبڈو‘‘ کے نئے شمارے میں پیغمبر اسلام ﷺ کے کارٹونوں کی اشاعت قطعی نامناسب ہے ۔ ان کے مطابق یہ دہشت گردوں کی سر گرمیوں کا مناسب جواب نہیں ہے ۔ ساتھ ہی انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اشتعال انگیز اقدامات کا جواب دینے سے گریز کریں ۔ کونسل کے نائب سربراہ کے مطابق ایسے کارٹونوں کی اشاعت نامناسب ہے کیونکہ مذہبی جذبات کا مذاق اڑانا غلط ہے ۔ روشن عباسوو نے مزید کہا کہ ان کارٹونوں کی اشاعت کا آزادی اظہار سے کوئی تعلق نہیں ، اصل میں اس میں ایسی قوتوں کا ہاتھ ہے جو معاشرے میں اتحاد و اتفاق کو یقینی بنانے کی بجائے فرقہ وارانہ اختلافات بڑھانا چاہتی ہیں۔
ایجنسیزروس کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے سپیکر سرگئی ناریشکین نے کہا کہ مغربی ورپ اور امریکہ کے سیاست دان آزادی اظہار اور اشتعال انگیز سر گرمیوں کا فرق نہیں جانتے ۔ ان کے مطابق دہشت گردآزادی اظہار اور دیگر جمہوری اقدار کے علاوہ مہذب معاشرے کے طرز زندگی کو بھی نشانہ بناتے ہیں ۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اور امریکہ کے بہت زیادہ سیاست داں جدید دور کے سنگین خطرات کو نہیں سمجھتے اور دوہرے معیاروں پر مبنی رویہ اپنائے ہوئے ہوتے ہیں۔

نئی دہلی
پریس نوٹ
فرانسیسی رسالہ’’چارلی ہبڈو‘‘ کے ذریعہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ اور قرآن کریم کی بے حرمتی اور اہانت کرنے والے کارٹونوں کی دوبارہ اشاعت کو جماعت اسلامی ہند نے اسلام کے خلاف شر انگیزی سے تعبیر کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔ جماعت کے سکرٰٹری جنرل نصرت علی نے کہا کہ چندروز قبل ’چارلی ہبڈو‘ پر کئے گئے ناروا حملہ کو پوری دنیا میں ناپنسدیدگی کی نگاہ سے دیکھا گیا ۔ لیکن اس سے قبل فرانسیسی حکومت کے ذریعہ حملہ کے حقیقی محرکات و اسباب اور اس کے پس پردہ اگر کوئی سازش تھی تو اس کی حقیقت پسندانہ رپورٹ منظر عام پر آتی ، مذکورہ رسالہ کے ذریعہ عالمگیر امت مسلمہ کے عقیدہ و جذبات کو شدید ٹھیس پہنچانے کے لئے قابل اعتراض کارٹونوں کی اشاعت پر اصرار’’ چارلی ہبڈو‘‘ کا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور فتنہ پر ور عمل اوربہ طور خاص یوروپ میں اسلام اور اہل اسلام کے خلاف فضا میں زہر گھولنے کے مترادف ہے اور فرانس کی حکومت کا اس ناشائستہ اور غیر مہذب حرکت کو روکنے کے لئے پیشگی اقدام نہ کرنا خود اس کی نیت کو بھی مشکوک بناتا ہے

Charlie Hebdo Cover Attracts Muslim Condemnation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں