جموں و کشمیر میں گورنر راج نافذ کرنے کی سفارش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-09

جموں و کشمیر میں گورنر راج نافذ کرنے کی سفارش

نئی دہلی؍ سرینگر
پی ٹی آئی
جموں و کشمیر میں گورنر راج کے آثار نظر آرہے ہیں جب کہ این این ووہرا نے سیاسی تعطل پر مرکز کو رپورٹ بھیج دی ہے۔ عمر عبداللہ کی جانب سے کار گزار چیف منسٹر کی حیثیت سے سبکدوشی کی خواہش کرتے ہوئے ان سے ملاقات کے بعد گورنر ووہرا نے یہ رپورٹ صدر جمہوریہ کو روانہ کی جس میں بتایاجاتا ہے کہ 2یا3تجاویزیں جن میں کسی بھی پارٹی کی جانب سے متعینہ مدت میں تشکیل حکومت کے لئے درکار عددی قوت پیش نہ کرنے پر گورنر راج نافذ کرنے کی سفارش بھی شامل ہے ۔ قبل ازیں جموں و کشمیر کے سیاسی تعطل میں آج اس وقت نیا موڑ آیا جب عمر عبداللہ نے کار گزار چیف منسٹر کی حیثیت سے برقرار نہ رہنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے استدلال کیا کہ پاکستان کے ساتھ سرحد پر صورتحال جاری ہے اس سے نمٹنے کے لئے ایک مکمل نظم و نسق کی ضرورت ہے ۔ عمر عبداللہ نے گزشتہ رات دہلی میں ریاستی گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی جب کہ وہ لندن میں اپنے12روزہ دورہ کے بعد قومی دارالحکومت واپس لوٹے ۔ ریاستی اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی نیشنل کانفرنس کی شکست کے بعد عمر عبداللہ نے چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا لیکن گورنر نے انہیں کاگزر چیف منسٹر کی حیثیت سے برقرار رہنے کے لئے کہا ۔87رکنی اسمبلی میں کوئی بھی پارٹی قطعی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی اور اتحاد کے سلسلہ میں تا حال کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے ۔بی جے پی ، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی دونوں سے ربط میں ہے تاکہ حکومت تشکیل دی جائے لیکن ابھی تک تعطل ختم کرنے کی کوئی صورت نکل نہیں پائی ہے ۔ نیشنل کانفرنس، بی جے پی سے ہاتھ ملانے تیار نہیں ہے جب کہ پی ڈی پی ، زعفرانی پارٹی سے اتحاد کے لئے اپنے کیڈر کو مطمئن کرنے کی اندرونی جدوجہد میں مصروف ہے ۔ نئی حکومت 19جنوری سے قبل تشکیل پاجانا چاہئے جب کہ موجودہ اسمبلی کی میعاد ختم ہوتی ہے بصور ت دیگر ریاست میں گورنر راج نافذ ہوجائے گا۔

دریں اثنا سری نگر سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب سردی میں مسلسل اضافہ سے وادی کشمیر اور لداخ کے شہریوں کے مصائب میں مزید اضافہ ہوگیا۔ کئی مقامات پر درجہ حرارت مزید2درجہ کمی واقع ہوئی ۔ مشہور ڈل جھیل کے علاوہ بیشتر ذخیرہ آب سخت سرد مودم کے باعث جزوی منجمد ہوگئے ہیں۔ جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں درجہ حرارت گزشتہ رات سے2درجہ کم ہوکر منفی4.2درجہ سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ لداخ کے سرحدی علاقہ کارگل میں درجہ حرارت گر کر منفی16.6درجہ سلسیس ہوگیا ۔ جب کہ گزشتہ رات یہ منفی16درجہ سلسیس تھا ۔ ترجمان نے بتایا کہ کارگل ریاست کا سب سے سرد مقام ریکارڈ کیا گیا جب کہ وادی کشمیر کا باب الداخلہ قرار دئیے جانے والا علاقہ قاضی کنڈ میں درجہ حرارت منفی4.6درجہ سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ جب کہ یہاں گزشتہ رات درجہ حرارت منفی4.4درجہ سلسیس تھا۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کا پہلگام ریسارٹ جو کہ سالانہ امرناتھ یاترا کا بیس کیمپ ہے ۔ درجہ حرارت پچھلی رات کے درجہ حرارت سے2درجہ نیچے گر کر منفی7.4درجہ سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مشہور اسکائی ریسارٹ گلمرگ میں درجہ حرارت منفی3.6ڈگری سلسیس ہوگیا جب کہ پچھلے رات یہاں درجہ حرارت منفی4ڈگری سلسی تھا ۔ خشک و سرد موسم کے باعث وادی کشمیر میں بالخصوص بچوں اور عمر رسیدہ افراد میں کھانسی، فلواور سانس کی بیماری بڑھ گئی ہے ۔ نلوں میں پانی منجمد ہوجانے سے اور برقی سربراہی کی مسلسل مسدودی سے عوام مصائب کا شکار ہوگئے ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ریاست بھر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر سرد اور خشک رہے گا ۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ بحیرہ عرب سے اٹھنے والی تازہ سمندری ہوائیں امکانی طور پر12جنوری کو وادی کشمیر پہنچی ں گی جس کے نتیجے میں یہاں برف باری ہوسکتی ہے ۔ وادی کشمیر کی سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی3.6اور7.4ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ وادی کشمیر کی سیر کے لئے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے ۔ جہاں گزشتہ سال کے ستمبر میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے سیاحوں کو دور رکھا وہیں اب خوشک موسم کی وجہ سے سیاح وادی کا رخ نہیں کررہے ہیں ۔

Centre recommends Governor's rule in Jammu and Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں