آسٹریلیائی وزیر اعظم کا اچانک دورہ عراق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-06

آسٹریلیائی وزیر اعظم کا اچانک دورہ عراق

ملبورن
پی ٹی آئی
آسٹریلیائی وزیر اعظم ٹونی ایبوٹ اچانک دورہ عراق پر بغداد پہنچے جہاں انہوں نے جہادی گروپ داعش سے نبرد آزما حکومت کے ساتھ تعاون کی پیشکش کی ۔ بی بی سی نیوز نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ایبوٹ نے اپنے ہم منصب حیدرالعبادی کے ساتھ اس موضوع پر بات چیت کی۔ انہوں نے آسٹریلیا کو جہادی گروپ کے ساتھ مقابلہ کے عہد کا پابند بتاتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ تعاون میں اضافہ سے پرعزم ہیں ۔ علاوہ ازیں عراقی عوام کے ساتھ بھی مستقبل میں بھی ہمارا تعاون برقرار رہے گا ۔ انہوں نے یہ وضاحت بھی کردی کہ تعاون میں فروغ اس سبب سے نہیں کہ ملک ترقی یافتہ ہے اور غیر ملکی جنگوں کا خواہاں ہے بلکہ جب بھی ہماری قومی مفادات کو خطرات لاحق ہوتے ہیں اور عالمی اقدار داؤ پر لگ جاتے ہیں تو ایسے حالات میں باہمی تعاون ضروری ہوتا ہے ۔ آسٹریلیا بھی اس حوالہ سے عراق کا مضبوط شراکت دار بننے کا خواہاں ہے ۔ عراق میں داعش کے خلاف امریکہ زیر قیادت اتحاد میں آسٹریلیا کی حصہ داری نمایاں ہے اور اس سے عراقی فوجیوں کی تربیت کے لئے خصوصی افواج کو تعینات کرنا ہے۔ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف مقابلہ کو پوری دنیا کے لئے ایک اہم جدو جہد قرار دیتے ہوئے ایبوٹ نے کہا کہ یہ جدو جہد صرف عراقی عوام یا خطہ کے عوام سے ہی مخصوص نہیں بلکہ یہ تمام عالم سے مخصوص ہے کیونکہ داعش نے پوری دنیا کے لئے موت کے دروازے کھولے ہیں ۔ ہم نے اس جنگ کے دوران لاکھوں افراد کو بے گھر ہوتے دیکھا ہے اور ہزاروں کی تعداد میں ہلاکتیں بھی دیکھی ہیں ۔ ہم نے سرقلمیاں بھی دیکھی ہیں اور بے قصور افراد کو مصلوب بھی پایا ہے۔ عراق میں جنسی غلامی اور قتل عام کا سلسلہ بھی پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران آستریلیا بھی دہشت گردی سے متاثر ہوا ہے ۔ میں صدر العبادی کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس کے خلاف اپنی سر گرمیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رکھے ہیں ۔ بلا شبہ وہ ایک غیر معمولی طور پر دشوار امر انجام دے رہے ہیں ۔ میں عراقی عوام اور عراقی حکومت کو یہ تیقن دینا چاہتا ہوں کہ آسٹریلیا ان کا ہمدرد اور حلیف ہے۔ انہوں نے ساتھ ہی ان افراد کے لئے پانچ ملین ڈالر غذائی امداد کا اعلان بھی کیا جو جنگ کے سبب بے گھر ہونے پر مجبور ہوئے ہیں ۔

Australia PM Tony Abbott in surprise Iraq visit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں