ہندوستان میں اقلیتوں کے خلاف حملوں میں اضافہ - امریکی ایوان نمائندگان میں ریپبلکن رکن کا بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-31

ہندوستان میں اقلیتوں کے خلاف حملوں میں اضافہ - امریکی ایوان نمائندگان میں ریپبلکن رکن کا بیان

واشنگٹن
پی ٹی آئی
ریپبلکن پارٹی کے ایک قانون ساز نے دعویٰ کیا ہے کہ2014کے آخری دو مہینوں کے دوران ہندوستان میں عیسائیوں کو نشانہ بنانے کے تقریباً38واقعات کی اطلاع ملی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اقلیتوں کے خلاف حملوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔ کانگریس کے رکن جوپٹس نے جاریہ ہفتہ امریکی ایوان نمائندگان بیان دیتے ہوئے کہا کہ آج میں ہندوستان میں مذہبی آزادی اور تکثیریت کی طرف آپ کی توجہ مبذول کرانا چاہتا ہوں ۔ ہندوستان میں انتہائی پریشان کن انداز میں تاریخی تکثیریت کی جگہ عدم رواداری ، تفرقہ پرستی اور اکثریت پرستی جگہ لے رہی ہے۔ رضاکار تنظیموں سے موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ نئی حکومت کے پہلے100دن کے دوران عیسائی اقلیت کے خلاف ہندو قوم پرستوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ مسلسل ملنے والی اطلاعات سے مذہبی اقلیتوں بشمول ہندوستان کی اعتدال پسند مسلم آبادی کو نشانہ بنائے جانے کا رجحان ظاہر ہوتا ہے ۔ جو پٹس نےEvangelical Fellowship Indiaسے موصولہ اعدا د و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ہندوستان میں نومبر اور دسمبر2014میں عیسائی اقلیت کو نشانہ بنانے کے38واقعات پیش آئے ۔ صرف دسمبر کے مہینے میں 31واقعات پیش آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گرجا گھروں کو نذ رآتش کرنا ، وحشیانہ زدوکوب ، دھمکانہ اور پادریوں کی گرفتاریوں نے ہندوستانی سماج میں ایک دہشت کا ماحول پید اکردیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں حکومت ایک طرف اقتصادی اصلاحات شروع کررہی ہے، وہیں اسے اقلیتوں کی حالت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اس تشدد کے خلاف بیان دینا اور اقدامات کرنا چاہئے، پٹس نے کہا کہ اوباما انتظامیہ کو مظلوم آبادیوں کی جانب سے پر زور انداز میں بات کرنی چاہئے ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین حکمت عملی مذاکرات میں انسانی حقوق کا مسئلہ اٹھانے پر بھی زور دیا۔

Attack against minorities in India increases: US lawmaker

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں