آندھرا کے دفاتر کی وجئے واڑہ منتقلی - ایکشن پلان کی تیاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-08

آندھرا کے دفاتر کی وجئے واڑہ منتقلی - ایکشن پلان کی تیاری

چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج واضح کیا ہے کہ حکومت کے سرکاری دفاتر کی حیدرآباد سے وجئے واڑہ کو منتقلی کے لئے ایک ایکشن پلان مرتب کیاجارہا ہے ۔ وجئے واڑہ میں ریاستی سطح کے ایک ماہ قبل بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ سرکاری دفاتر کے لئے اراضیات کی نشاندہی کا کام جاری ہے ۔ ہم تمام سرکاری دفاتر کا کام کاج وجئے واڑہ کے دارالحکومت سے چلانے کا منصوبہ بنارہے ہیں ۔ انہوں نے مطلع کیا کہ سنگاپور کا ایک وفد12جنوری کو اے پی کے نئے دارالحکومت کے علاقہ کا دورہ کرے گا۔ واضح ہو کہ نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے ماسٹر پلان تیار کرنے کی ذمہ داری سناپور کو دی گئی ہے ۔ نئے دارالحکومت کی تعمیر کے سلسلے میں مبینہ طور پر رکاوٹیں کھڑی کرنے پر اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ اپوزیشن پارٹی، کسانوں کو گمراہ اور مشتعل کرتے ہوئے دارالحکومت کے مسئلہ کو سیاسی رنگ دے رہی ہے حالانکہ کسان نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے اپنی اراضیات سے دستبردار ہونے تیار ہیں ۔ یہ بیان کرتے ہوئے کہ ان کی حکومت اپنے7مشن، 7گرڈس ، اور 7مہمات کے ذریعے ترقی کے زینے طے کررہی ہے ، انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ تال میل کے ساتھ کام کریں تاکہ تیز رفتار ترقی کو یقینی بنایاجاسکے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے بتایا کہ جنم بھومی پروگراموں کے دوران عوام سے33لاکھ مسائل موصول ہوئے ہیں جن میں کسانوں کی اکثریت تھی جب کہ93لاکھ کسان قرض کے بوجھ سے دبے ہوئے تھے ۔ چیف منسٹر نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی قرض معافی اسکیم کے ذریعہ پہلے مرحلہ کے تحت ریاست کے26لاکھ کسانوں کو فائدہ ملا ہے ۔ چیف منسٹر نے 15,14اور16نوری کو پونگل تعطیلات کا اعلان کیا۔ قبل ازیں اے پی کے نئے دارالحکومت شہر میں اولین ماقبل بجٹ ریاستی سطح کی کانفرنس کا آغاز کرتے ہوئے چیف منسٹر این چندرا بابونائیڈو نے بجٹ کی تیاری میں عوام کی فلاح و بہبود اور ریاست کی ترقی کو ملحوظ رکھنے کی ضرورت ظاہر کی ۔ ماقبل بجٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جس میں پوری سرکاری مشنری موجود تھی ، چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کے اولین بجٹ کی تیاری میں بڑے بڑے مالیاتی مسائل کی یکسوئی کو دھیان میں رکھنا ہوگا ۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے عوام کو جو تیقنات دئیے ہیں ان کی پابندی بھی لازمی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کو16ہزار کروڑ روپے کا خسارہ در پیش ہے جبکہ ہمارے ذرائع آمدنی بھی کم ہیں ۔ اس کے باوجود ہمیں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے چلائے جارہے ہیں پروگراموں پر عمل آوری اور ریاست کی ترقی کے لئے اقدامات ساتھ ساتھ جاری رکھنے ہوں گے۔
وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو نے واضح کیا کہ وہ سال2015-16کے لئے صفر پر مبنی بجٹ پیش کرنے تیار ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ بجٹ محاصل سے پاک ہوگا کیونکہ حکومت نئے بجٹ میں کئی ٹیکس عائد کرنانہیں چاہتی ۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیکس کی شکل میں عام آدمی پر زائد بوجھ نہ ڈالنے کے لئے اخراجات سے متعلق اصلاحات پر بھی عمل آوری کی جائے گی ۔ وزیر فینانس نے مزید کہا کہ نیا بجٹ حکومت کے پست مالیاتی موقف کو ذہن میں رکھ کر تیار کیا جائے گا ۔ چیف سکریٹری آئی وائی آر کرشنا راؤ نے کہا کہ بجٹ، نتیجہ خیز ہونا چاہئے۔ کانفرنس میں بجٹ کی ترجیحات پر مباحث کیے جارہے ہیں ۔ کانفرنس میں ڈپٹی چیف منسٹر کے ای کرشنا مورتی کے علاوہ بیشتر وزراء، تمام محکموں کے سکریٹریز ، ضلع کلکٹرس ، ریاستی پولیس سربراہ جے وی راموڈو ، تمام اضلاع کے پولیس سربراہان اور دیگر اعلیٰ عہدیدارموجود تھے۔ اجلاس رات دیر گئے تک جاری رہے گا جس کے دوران بجٹ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاجائے گا۔

AP government offices to shift Vijayawada

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں