نئے آندھرا دارالحکومت کا ڈیزائن 6 ماہ بعد تیار ہو جائے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-10

نئے آندھرا دارالحکومت کا ڈیزائن 6 ماہ بعد تیار ہو جائے گا

حیدرآباد
پی ٹی آئی
دی انٹرنیشنل انٹر پرائز سنگا پور جس نے وجئے واڑہ کے اطراف اے پی کے نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے ماسٹر پلان کی تیاری کے سلسلہ میں انفراسٹرکچر کارپوریشن آف آندھرا پردیشکے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے تھے، اندورن چھ ہفتہ اپنی ’’ٹوٹل ویژن‘‘ رپورٹ پیش کردے گا ۔ سنگا پور کے عہدیداروں کی ایک14رکنی ٹیم نئے دارالحکومت کے مجوزہ علاقہ کا فضائی سروے انجام دے گی ۔ اس کے بعد آئندہ دو دن کے دوران مختلف محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرے گی ۔ بلدی نظم و نسق کے وزیر پی نارائنا نے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیدو کے ہمراہ کیپٹل اڈوائزری کمیٹی کے ایک اجلاس کے بعد صحافیوں کو یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ مجوزہ دارالحکومت کے علاقہ کا مکمل ڈیزائن چھ ماہ میں تیار ہوجائے گا ۔ ماسٹر پلان کی تیاری، نئے دارالحکومت کی تعمیر اور فروغ اور ایک اسمارٹ کیپٹل سٹی کے قیام کے لئے آندھر اپردیش اور سنگا پور کی حکومتوں کے درمیان کل رات چندرا بابو نائیڈو اور سنگاپور کے وزیر تجارت و صنعت ایس ایشورن کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئے ۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے دوران ہم نے سنگاپور کی ٹیم کو ریاست کے تمام 13اضلاع کی مختلف خصوصیات ، اراضی اور پ انی کے وسائل کی دستیابی ، بندرگاہوں اور دیگر انفراسٹرکچر کے متعلق تفصیل سے معلومات فراہم کیں۔ ہم نے انہیں نہروںِ دریاؤں اور دارالحکومت کی تعمیر کے علاقہ میں زلزلوں اور سیلاب کے خطرے کے حامل مقامات کی بھی نشاندہی کی ۔ اسی کے مطابق سنگاپور کی ٹیم ٹوٹل ویژن تیارکرے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ چھ ماہ میں بالکل بنیادی سطح کے ڈیزائن کی تیاری مکمل کرلی جائے گی۔ اس کے بعد دس ہفتوں کے دوران سنگا پور کی ٹیم تفصیلی ڈیزائن تیار کرے گی اور انفراسٹرکچر کے منصوبے بھی مرتب کرے گی ۔ ان منصوبوں میں حمل و نقل ، صنعت اور زون داری سطح کے منصوبے شامل ہیں۔ جملہ چھ ماہ کے آخری آٹھ ہفتوں کے دوران شہری منصوبہ سازی کا کام کیاجائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ماسٹر پلان کی تیاریوں کا روزانہ کی بنیادوں پر جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی ایک یا دو دن میں قائم کردی جائے گی جو اے پی اور سنگا پور کے تین تین اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل ہوگی ۔ سنگا پور ، وجئے واڑہ ، گنٹور ، تنالی، منگل گری کی سرحدوں کے اندر7325مربع کلو میٹر کے رقبہ پر کیپٹل ریجن پلان کی تیاری میں اے پی کی مدد کررہا ہے ۔

Singapore agency to submit 'total vision' for Andhra Pradesh report in 6 weeks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں