جگن اسکام - اندو پراجکٹس مقدمہ میں ملزمین حاضر عدالت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-20

جگن اسکام - اندو پراجکٹس مقدمہ میں ملزمین حاضر عدالت

حیدرآباد
پی ٹی آئی
صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی کے غیرمحسوس اثاثوں کے مقدمہ میں عدالت کی جانب سے سمن کی اجرائی پر اونگول کے رکن پارلیمنٹ وائی بی سباریڈی ، آئی اے ایس عہدیدار ایس این موہنتی اور دیگر ملزمین نے آج سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں حاضری دی ۔ عدالت نے جگن اور اندو، آندھرا پردیش ہاؤزنگ بورڈ لینڈ اسکام سے متعلق22نومبر کو سی بی آئی کی داخل کردہ چارج شیٹ کانوٹ لیتے ہوئے ملزمین کو عدالت میں حاضری کے لئے سمن جاری کیا تھا ۔ جگن کے مالیاتی مشیروجئے سائی ریڈی ، ایس این موہنتی ،سبا ریڈی (جگن کے رشتہ دار) ، صنعت کار آئی شیام پرساد ریڈی ، وی وی کرشنا پرساد اور چارج شیٹ میں ملزم قرار دی گئیں چند کمپنیوں کے نمائندے آج سی بی آئی عدالت میں حاضر ہوئے اور فی کس پچیس ہزار روپے شخصی مچلکوں کے ساتھ اتنی ہی مالیت کی دو دو ضمانتیں داخل کیں ۔ اس مقدمہ میں تمامملزمین آج پہلی مرتبہ عدالت میں حاضر ہوئے ۔ واضح ہو کہ اس مقدمہ میں صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی کوملزم نمبر ایک قرار دیا گیا ہے جب کہ ملزمین کی جملہ تعداد14ہے ۔ ضلع کڑپہ کے حلقہ پلی ویندلہ کی اسمبلی میں نمائندگی کرنے والے وائی ایس جگن موہن ریڈی تاہم آج عدالت حاضر نہیں ہوئے۔ انہوں نے حاضری سے شخصی استثنیٰ حاصل کرنے کے لئے عدالت میں درخواست داخل کررکھی ہے کیونکہ انہیں اسمبلی کے جاریہ سرمایہ اجلاس میں شریک رہنا ہے ۔ عدالت نے مقدمہ کی سماعت29جنوری تک ملتوی کردی ۔ موجودہ مقدمہ میں جگنکو ایک ایسے معاملہ کا ملزم قرار دیا گیا ہے جس میں انہوں نے اپنے والد اور آنجہانی چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور حکومت میں اندو پراجکٹس کو معمولی قیمتوں پر شہر کی قیمتی70ایکر اراضی مختص کرائی تھی ۔ یہ معاملہ سال2008-09میں طے پایا تھا ۔ اس کے بدلے اندوپراجکٹس کے پروموٹر شیام پرساد ریڈی نے جگن کی ملکیت کا رمیل ایشیا ہولڈنگس میں70کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی ۔ سی بی آئی کی داخل کردہ چارج شیٹ میں یہ باتیں بتائی گئیں۔ یہ اراضی اے پی ہاؤزنگ بورڈ کی ملکیت تھی اور ایس این موہنتی اس وقت بورڈ کے نائب صدر نشین تھے ۔ وہ اب محکمہ اعلیٰ تعلیم میں سکریٹری ہیں۔ سابق ریاستی وزراء سبیتا اندرا ریڈی ، دھرمانا پرساد راؤ، موپی دیوی وینکٹ رمنا، جے گیتا ریڈی اور دیگر ملزمین بھی آج عدالت میں حاضر ہوئے جن کے نام مختلف مقدمات میں بطور ملزم شامل ہیں ۔ سی بی آئی کے بموجب وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور حکومت میں کئی کمپنیوں نے مراعات حاصل کرتے ہوئے جگن کے کاروبار میں بھاری سرمایہ کاری کی تھی۔ غیر محسوس اثاثوں کا مقدمہ اور دیگر ذیلی مقدمات ان ہی معاملات سے متعلق ہیں۔

Accused in quid-pro-quo cases against Jagan appear in court

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں