حکومت فرقہ وارانہ ایجنڈہ کو آگے بڑھا رہی ہے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-12

حکومت فرقہ وارانہ ایجنڈہ کو آگے بڑھا رہی ہے

نئی دہلی
اعتماد نیوز
صدر کل ہند مجلس اتحا د المسلمین ورکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے تبدیلی مذہب کے موضوع پر حکومت سے موقف ظاہر کرنے کا مطالبہ کیا اور زبردستی تبدیلی مذہب میں ملوث زعفرانی تنظیموں اور ان سے وابستہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے پر زور دیا ۔ تبدیلی مذہب کے موضوع پر لوک سبھا میں مباحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے حکومت کو شدید تنقید کانشانہ بنایا۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ ان کا مذہب ہندوستان ہے اور ان کی کتاب ملک کا دستور ہے۔ ایسے میں مسلمانوں ، عیسائیوں کو زبردستی تبدیلی مذہب کروانے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ یہ تاثر دیاجارہا ہے کہ اگر وہ تبدیلی مذہب نہیں کریں تو پہلے درجے کے شہری نہیں ہوں گے ۔ تبدیلی مذہب کو گھر واپسی سے تعبیر کیاجارہا ہے انہوں نے کہا کہ یہ ایک غلط تاویل ہے ۔ حکومت میں دو مسلم وزراء بھی ہیں ۔ اگر ان سے گھر واپسی کی بات کی دلیل کے ساتھ تبدیلی مذہب کے لئے کہاجائے تو وہ کیا محسوس کریں گے ؟ انہوں نے دستور کی آرٹیکل341میں ترمیم سے متعلق استفسار کیا ۔ انہوں نے وزیر پارلیمانی امور سے کہا کہ وہ ایک قابل وزیر ہیں ، انہیں قانون کی بہتر جانکاری ہے ۔ قانون کس طرح دائرہ میں بنایاجاتا ہے اس کے لئے بیرسٹر اویسی نے وزیر موصوف سے کہا کہ وہ دستور ساز اسمبلی کی روئیداد کا جائزہ لیں جس میں ٹی ٹی کرشنما چاری اور کے ایم منشی نے آرٹیکل25( مذہبی آزادی سے متعلق)پر مباحث میں یہ واضح کیا تھا کہ یہ ناقابل تبدیل ہے۔ زبردستی تبدیلی مذہب کرنے والی تنظیموں کے بی جے پی کے ساتھ تعلق پر انہوں نے سوال اٹھایا۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا ان تنظیموں کا بی جے پی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ کیوں ان تنظیموں کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی۔ وزیر اعظم ایک بات کرتے ہیں ن، وزیر خارجہ کچھ اور بات کرتے ہیں ، کیا اس طرح حکومت چلائی جاتی ہے ؟
صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسد الد ین وایسی نے کہا کہ ملک کو ترقی دینے ایف ڈی آئی(بیرونی راست سرمایہ کاری) کی دعوت دی جارہی ہے۔ کیا ملک میں گڑ بڑ فساد ، دہشت گردی ، غنڈہ گردی کے ماحول کے ذریعہ ترقی ممکن ہوسکتی ہے ؟ انہوں نے حکومت سے کہا کہ وہ کون سے قانون میں ترمیم کرے گی ۔ کیا ہندو کو ڈ میں تبدیلی کرے گی؟ ہندو میریج ایکٹ میں تبدیلی کرے گی؟ ہندو وراثت ایکٹ میں تبدیلی کرے گی؟ انہوں ںے ہندوؤں سے متعلق مختلف قوانین اور ان کے مختلف دفعات کے حوالے دئیے اور کہا کہ کیا انہیں بھی تبدیل کیاجائے گا؟ تبدیلی مذہب کے واقعات پر اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے ایک سینئر قائد کے ایوان میں دئیے گئے اس بیان پر کہ اتر پردیش میں کچھ بھی نہیں ہورہا ہے ۔ بیرسٹر اویسی نے سخت اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں یہ سب کچھ ہورہا ہے ۔ اور وہ قائد کہتے ہیں کہ کچھ نہیں ہورہا ہے ۔ صدر مجلس نے کہا کہ زبردستی تبدیلی مذہب کروانے والے آر ایس ایس ، بجرنگ دل کے خلاف اتر پردیش کی ریاستی حکومت کارروائی کیوں نہیں کررہی ہے ۔ بیرسٹر اویسی جب اتر پردیش کی حکومت اور وہاں کی قیادت پر تنقید کررہے تھے، تب ایوان میں سماج وادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو اپنی نشست سے اٹھ کھڑے ہوئے ، اس کے ساتھ ہی ان کی جماعت کے ایک دو ارکان بھی کھڑے ہوگئے اور بیرسٹر اویسی سے الجھنے کی کوشش کررہے تھے ۔ صدر مجلس نے پر زور انداز میں سماج وادی پارٹی کے ان کے ارکان سے کہا کہ یہ نوراکشتی بند کیجئے ۔ آپ بی جے پی کا ساتھ دے رہے ہیں ، اگر یہ بات نہیں ہے تو وہاں خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کیوں نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور اس کا دستور ہی مقدم ہے ۔ جس طرح انہیں ہندوستانی ہونے پر ناز ہے، انہیں مسلمان ہونے پر فخر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عیسائی اور مسلمان تبدیلی مذہب کرنے والے نہیں ہین ، ہم ڈر نے ، گھبرانے والے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو بچانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت اور اتر پردیش کی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ ملک کو بچائیے۔ اپنے حواریوں اور چمچوں سے محفوظ رہیئے ، انہوں نے تبدیلی مذہب کے موضوع پر خبردار کیا کہ جو صورتحال پیدا کی جارہی ہے ، وہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے ۔ یہ وقت ملک کو بچانے کا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں