کانگریس جموں و کشمیر میں مابعد انتخابا ت اتحاد کے لئے تیار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-14

کانگریس جموں و کشمیر میں مابعد انتخابا ت اتحاد کے لئے تیار

سری نگر
یو این آئی
جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر غلام نبی آزاد نے آج کہا کہ کانگریس ریاست میں مابعد انتخابات اتحاد کے لئے تیار ہے۔ آزاد نے دعویٰ کیا کہ انتخابات کے پہلے تین مراحل کے دوران کانگریس نے بالخصوص وادی چناب ، لداخ اور کشمیر میں بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ پارٹی کو پورا یقین ہے کہ وہ چوتھے اور پانچویں انتخابی مرحلہ میں بھاری اکثریت حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کل اننت ناگ میں دن بھر انتخابی مہم چلانے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہمیں یقین ہے کہ حکومت تشکیل دینے کے لئے ہمیں اکثریت حاصل ہوگی کیونکہ عوام نے ریاست میں2005تا2008کانگریس زیر قیادت مخلوط حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیا ہے ۔ واضح رہے کہ اننت ناگ کے 6حلقوں میں کل چوتھے انتخابی مرحلہ میں پولنگ ہوگی ۔ ان اطلاعات کے بارے میں کہ معلق اسمبلی وجود میں آنے کی صورت میں بعض علاقائی جماعتیں آئندہ حکومت کی تشکیل کے لئے بی جے پی کا ساتھ دے سکتی ہیں، آزاد نے کہا بھگوا جماعت کا ساتھ دینا خود کشی کرلینے کے مترادف ہے ۔ کوئی بھی سیاسی جماعت جو بی جے پی کے ساتھ اتحا د کرے گی ، وہ خود کشی کرے گی کیونکہ ان انتخابات میں ریاست میں پارٹی کا صفایا ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس نے سال2002اور2008میں ریاست تشکیل حکومت میں پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی اور نیشنل کانفرنس کی مدد کی ہے لیکن عوام کو ابھی تک2005تا2008کی حکومت یاد ہے جب کانگریس کے زیر اقتدار ریاست کی مجموعی ترقی ہوئی تھی ۔ آزاد نے بالواسطہ طور پر نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی جماعتوں نے انتخابات سے صرف دو ماہ قبل خود اختیاری اور خود حکمرانی کا مسئلہ اٹھایا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں