اترپردیش کانگریس میں بغاوت جیسی صورتحال - پارٹی قیادت پر تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-18

اترپردیش کانگریس میں بغاوت جیسی صورتحال - پارٹی قیادت پر تنقید

لکھنو
یو این آئی
اتر پردیش کانگریس میں بغاوت جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور ایک سینئر پارٹی لیڈر ایس پی گو سوامی نے آج کہا ہے کہ پارٹی قیادت ان لوگوں کو سزا دینے میں ناکام ہوگئی جو لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی شکست کے ذمہ دار ہیں جب کہ پارٹی کارکنوں کو ہراساں کیاجارہا ہے ۔ گو سوامی نے جنہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ کئی سینئر پارٹی قائدین ، ان سے ربط میں ہیں، ناراض پارٹی قائدین کا ایک اجلاس آئندہ30جنوری کو لکھنو میں طلب کیاہے ، یہ تاریخ مہاتما گاندھی کی برسی کی تاریخ ہے ۔ گو سوامی نے اشارہ دیا کہ ’’امکان ہے کہ اجلاس میں ایک نئی پارٹی بنام’’راجیو کانگریس‘‘ وجود میں آئے گی ۔ کو ئی نام لئے بغیر انہوں نے کہا کہ یہ بڑی بد بختی کی بات ہے کہ نمک حراموں کو پارٹی میں اہم عہدے دئیے گئے ہیں۔ حتی کہ ایک آر ایس ایس ورکر کو انتخابات کے دوران یو پی کا انچارج بنایا گیا تھا ۔ گوسوامی نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پارٹی قیادت نے ہمیشہ ہی پارٹی ورکرس کی اہانت کی ہے ۔ شکست کے ذمہ دار قائدین کو اہم عہدے دئیے گئے ہیں حتی کہ راجیہ سبھا کی نشست بھی دی گئی ہے ۔ گو سوامی نے جو یوپی یوتھ کانگریس کے سابق صدر ہیں ، حال ہی میں دہلی میں اپنا مکتوب استعفیٰ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کے حوالہ کیا تھا اور پارٹی کے تمام عہدوں اور ابتدائی رکنیت سے بھی دستبرداری اختیار کرلی تھی لیکن کانگریس نے ابھی ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا ہے ۔

Uttar Pradesh Congress coup

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں