وزیر اعظم سے گورنر کی ملاقات - آندھرا و تلنگانہ تنازعہ سے واقف کروایا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-12-13

وزیر اعظم سے گورنر کی ملاقات - آندھرا و تلنگانہ تنازعہ سے واقف کروایا

حیدرآباد
اعتماد نیوز
تلنگانہ و آندھر اپردیش کے مشترکہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر نے دونوں ریاستوں کے درمیان بعض موضوعات پر جاری تنازعہ سے وزیر اعظم کو واقف کروایا ، خاص طور پر دونوں ریاستوں میں اعلیٰ و پیشہ ورانہ تعلیم کے امتحانات اور انٹرنس ٹسٹ کے مشترکہ انعقاد کے مسئلہ پر جاری تنازعہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے تقسیم سے متعلق بل کے تحت دونوں ریاستوں میں پانی اوربرقی کی تقسیم کے معاملے پر بھی بات چیت کی ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران ملازمین کی تقسیم بالخصوص سیول سروس عہدیداروں کے عمل سے واقف کروایا گیا ۔ وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر نرسمہن نے کہا کہ اگرچہ کہ انٹر میڈیٹ کے امتحانات دونوں ریاستیں علیحدہ طورپر منعقد کررہی ہیں لیکن ایمسیٹ انٹرنس ٹسٹ مشترکہ طور پر منعقد کیاجائے گا ۔ نرسمہن نے کہا کہ دونوں ریاست کے طلبہ کے مفادات کا تحفظ کیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران لا اینڈ آرڈر عہدیداروں کی تقسیم اور دیگر امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آندھر اپردیش کی تنظیم جدید بل کے قانون سے کوئی مسائل پیدا نہیں ہورہے ہیں ۔ دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس بہتر طور پر کام انجام دے رہے ہیں اور دونوں ریاستوں میں لاء اینڈ آرڈر بھی بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کی تقسیم کا معاملہ بہت جلد حل کرلیاجائے گا ۔ اس کے بعد کوئی مسئلہ باقی نہیں رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی تازہ صورتحال سے وزیر اعظم کو اقف کروایا گیا ۔ ان کی یہ ملاقات معمول کے مطابق تھی ۔ واضح رہے کہ دونوں ریاستوں آندھر اپردیش اور تلنگانہ کے درمیان انٹر میڈیٹ امتحانات کے انعقاد کے مسئلہ پر تنازعہ پایاجاتا تھا، گورنر نے اس تنازعہ کی یکسوئی کی کوشش کی جس میں انہیں ناکامی ہوئی تھی ۔

Telangana-AP Tussle on PM-Governor's Meet

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں